نئی دہلی ،شمال مشرقی دہلی کے مصطفیٰ آباد میں ایس ڈی پی آئی کی ورکرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مہاراشٹر کے جنرل سیکریٹری اظہر تمبولی، دہلی صوبہ کے انچارج عبدالقادر، دہلی پردیش کے صدر ڈاکٹر آئی اے خان، سنگٹھن منتری دہلی پردیش عرفان احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس کانفرنس کا اہتمام دہلی ریاست کے سکریٹری و شمال مشرقی ضلع کے انچارج ایچ ایم ہاشم ملک نے کیا تھا۔کانفرنس کی صدارت برانچ انچارج استیح خان سیفی اور ایچ ایم ہاشم ملک نے کی۔ اظہر تمبولی نے کہا کہ جہاں ایس ڈی پی آئی ہے وہاں انسانیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھا کام کرنے والوں کو جیل جانے سے نہیں ڈرنا چاہیے،۔
سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لئے بنائی گئی پارٹی ہے، یہ جماعت تمام برادریوں کی مشترک جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کانگریس کو تباہ نہیں کرنا چاہتی بلکہ اپوزیشن کو تباہ کرنا چاہتی ہے، ہم سب کو ایمانداری سے ملک اور معاشرے کی خدمت کرنی چاہیے، حالات جیسے بھی ہوں مگر انسانیت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، ملک میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے ایس ڈی پی آئی کوآگے بڑھانا ہو گا۔عبدالقادر نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی سماجی کاموں کے لیے جانی جاتی ہے، اس پارٹی کا تعلق کسی خاندان، کسی خاص فرد، کسی معاشرے یا کسی خاص پالیسی سے نہیں ہے، یہ سبھی طبقات کی نمائندہ جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی بنیاد آئینی اصولوں پر قائم ہے، یہاں مشاورت ہوتی ہے اور سب کی رائے سے ٹکٹوں کی تقسیم ہوتی ہے۔ڈاکٹر آئی اے خان نے کہا کہ آئین اور جمہوریت کو بچانا سب کی ذمہ داری ہے، آئین ہی ہے جس نے ہمیں بولنے کی آزادی دی ہے ہم کسی کو اپنی اس آزادی کو صلب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ایچ ایم ہاشم ملک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور جملہ کارکنان سے پارٹی کو وسعت دینے کا حلف لیا۔ اہم شرکاء میں ماسٹر محبوب، یونس علی، محرم علی، انیس احمد، محمد نفیس، محمد افضل، محمد شاکر، ذیشان، عامر، رئیس انصاری وغیرہ کے نام شامل ہیں۔












