وزیراعظم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، افتتاح کیا ، وزیر ریل نے گنائے جاری ریلوے اسٹیشنو ں پر کام
’’ 500 سے زیادہ ریلوے اسٹیشنوں اور 1500 سے زیادہ دیگر مقامات سے لاکھوں لوگوں کی آن لائن شرکت ،ریلوے سے متعلق 2000 سے زائد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا‘‘
نئی دہلی:ہمارا سماج نیوز سروس : عام انتخابات سے قبل ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم نریندر مودی نے بڑے اعلانات کیے ہیں اور یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ہم تیسری مرتبہ حکومت بنانے جا رہے ہیں چنانچہ جو بھی کام جاری ہیں وہ اسی طرح جاری رہیں گے اور نہ صرف جاری رہیں گے بلکہ آنے والی نئی حکومت میں اس سے بھی زیادہ تیز رفتاری سے کام کیا جائے گا ۔ پی ایم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کے کئی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، افتتاح کیا اور اس کے بعد ریلوے بھون نئی دہلی میں وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے میڈیا کے سامنے زیر تعمیر ریلوے اسٹیشنوں پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پرپی ایم مودی نےکہا کہ آج کا پروگرام نئے ہندوستان کے نئے کام کی ثقافت کی علامت ہے ۔ ہندوستان آج جو کچھ بھی کرتا ہے ، وہ بے مثال رفتار سے کرتا ہے ۔ ہندوستان آج جو کچھ بھی کرتا ہے ، وہ بے مثال پیمانے پر کرتا ہے ۔ آج کے ہندوستان نے چھوٹے چھوٹے خواب دیکھنا چھوڑ دیا ہے ۔ ہم بڑے خواب دیکھتے ہیں اور ان کی تکمیل کے لیے دن رات کام کرتے ہیں۔ یہ عزم ہندوستان کے اس ترقی یافتہ ریلوے پروگرام میں نظر آتا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام سے وابستہ ملک بھر کے تمام ساتھیوں کو وہ مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ 500 سے زیادہ ریلوے اسٹیشنوں اور 1500 سے زیادہ دیگر مقامات سے لاکھوں لوگ ہمارے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ مختلف ریاستوں کے معزز گورنرز، وزرائے اعلیٰ، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے وزراء، اراکین پارلیمنٹ ، اراکین اسمبلی اور مقامی عوامی نمائندے ، روشن خیال شہری، پدم ایوارڈ یافتہ سینئر معززین، ہندوستان کے اہم لوگ، جنہوں نے ملک کے لئے جدوجہد میں اپنی جوانی گزاری، آزادی پسند جنگجو اور ہماری آنے والی نسل اور نوجوان دوست بھی آج ہمارے ساتھ ہیں۔مسٹر مودی نے آج ان سب کی موجودگی میں ریلوے سے متعلق 2000 سے زائد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ ابھی اس حکومت کی تیسری مدت جون کے مہینے سے شروع ہونے والی ہے ۔ جس پیمانے پر کام شروع ہوا ہے ، جس رفتار سے کام شروع ہوا ہے وہ سب کو حیران کر رہا ہے ۔ کچھ دن پہلے انہوں نے جموں سے ایک ساتھ آئی آئی ٹی ۔ آئی آئی ایم جیسے درجنوں بڑے تعلیمی اداروں کا افتتاح کیا۔ ابھی کل ہی انہوں نے راجکوٹ سے بیک وقت 5 ایمس اور کئی طبی اداروں کا افتتاح کیا اور اب یہ آج کا پروگرام ہے ، آج 27 ریاستوں کے 300 سے زیادہ اضلاع میں 500 سے زیادہ ریلوے اسٹیشنوں کی بحالی کے لیے سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔ یوپی کا گومتی نگر ریلوے اسٹیشن جس کا آج افتتاح کیا گیا واقعی حیرت انگیز لگ رہا ہے ۔ اس کے علاوہ آج 1500 سے زائد سڑک، اوور برج، انڈر پاس منصوبے بھی اس میں شامل ہیں۔ 40 ہزار کروڑ روپے کے یہ پروجیکٹ بیک وقت زمین پر آ رہے ہیں۔ مسٹر نریندر مودی نے کہا کہ صرف چند ماہ قبل ہم نے امرت بھارت اسٹیشن اسکیم شروع کی تھی۔ تب بھی 500 سے زائد اسٹیشنوں کو جدید بنانے کا کام شروع ہو چکا تھا۔ اب یہ پروگرام اسے مزید آگے لے جا رہا ہے ۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان کی ترقی کی ٹرین کس رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے ۔ وہ ملک کی مختلف ریاستوں اور وہاں کے اپنے تمام شہری بھائیوں اور بہنوں کو نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آج وہ خاص طور پر اپنے نوجوان ساتھیوں کو مبارکباد پیش کرنا چاہتے ہیں۔ مودی جب ترقی یافتہ ہندوستان کی بات کرتے ہیں تو اس کے معمار اور سب سے زیادہ ستفادہ کرنے والے ملک کے نوجوان ہوتے ہیں۔ آج کے منصوبے ملک کے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار اور خود روزگار کے نئے مواقع فراہم کریں گے ۔ آج ریلوے میں جو نئی ترقی ہو رہی ہے اس سے ان دوستوں کو بھی فائدہ پہنچے گا جو اسکولوں اور کالجوں میں پڑھ رہے ہیں۔ 30-35 سال سے کم عمر کے نوجوانوں کے لیے بھی یہ بہت مفید ہوگا۔ ترقی یافتہ ہندوستان نوجوانوں کے خوابوں کا ہندوستان ہے ۔ اس لیے انھیں یہ فیصلہ کرنے کا سب سے زیادہ حق حاصل ہے کہ ہندوستان کتنا ترقی یافتہ ہوگا۔












