ممبئی: شاہ رخ خان کی تنازعات میں پھنسی فلم ’پٹھان‘ کو سینسر بورڈ نے ابھی تک سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا ہے۔ دریں اثنا، سینسر بورڈ نے فلم کے ذمہ داروں کو ہدایات دی ہے کہ فلم کے کچھ گانوں اور مناظر میں تبدیلیاں کی جائیں۔ سی بی ایف سی (سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن) کے چیئرمین پرسون جوشی نے جمعرات کے روز یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ فلم بنانے والی کمپنی یشراج فلمز سے بورڈ کی ہدایات کے مطابق فلم کی ترمیم شدہ نقل پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے ان تبدیلیوں کی تفصیل پیش نہیں کی ہے جنہیں فلمسازوں سے عمل میں لانے کو کہا گیا ہے۔ خیال رہے کہ فلم ’پٹھان‘ تنازعات میں گھری ہوئی ہے اور قدامت پسندوں کی جانب سے اس کی مخالفت کی جا رہی ہے۔ 12دسمبر کو اس کے گانے ‘بے ’شرم رنگ‘ کے ریلیز ہونے کے بعد اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا۔ دراصل اس گانے کے ایک منظر میں اداکارہ دیپکا پدوکون زعفرانی رنگ کی بکنی میں نظر آ رہی ہیں، جس پر ملک بھر میں احتجاج کیا گیا اور الزام لگایا کہ اس نے ’ہندو جذبات‘ کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ جوشی نے ایک بیان میں کہا ’’فلم حال ہی میں سرٹیفیکیشن کے لیے سی بی ایف سی کی جائزہ کمیٹی کے پاس پہنچی اور سی بی ایف سی کے رہنما خطوط کے مطابق جائزہ کے پورے عمل سے گزری‘۔ انہوں نے کہا’کمیٹی نے فلم سازوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فلم کے گانوں اور مناظر میں تجویز کردہ تبدیلیاں کریں اور اس کی نظر ثانی شدہ نقل تھیٹروں میں ریلیز کرنے سے پہلے پیش کریں‘۔ جوشی نے کہا کہ سی بی ایف سی کا مقصد فلمسازوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور سامعین کے جذبات کے درمیان توازن قائم کرنا اور حل تلاش کرنا ہے۔