کانپور،پریس ریلیز،ہمارا سماج: مشہور صوفی بزرگ شاہ اعلی قدرتیہ علیہ الرحمہ کے ۷۶۶ویں عرس کے موقع پر مسلکی دوریوں کو ختم کرنے اور خدمت خلق کو فروغ دینے کے مقصد سے جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی نگرانی اور نعیم حامد اسپتال کے اشتراک کے ساتھ جامع مسجد اشرف آباد جاجمؤ کے باہر مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس میڈیکل کیمپ سے عرس میں آئے سینکڑوں زائرین نے فائدہ اٹھایا اور ان کی صحت کے متعلق ضروری معائنہ و علاج فراہم کیا گیا۔شہری جمعیۃ علماء کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا مقصد صرف مذہبی تقریبات کو منانا نہیں بلکہ ان تقریبات کے ذریعے عوام کی فلاح و بہبود کو بھی فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد اس بات کی ایک عملی مثال ہے کہ ہم کیسے خدمت خلق کے ذریعے انسانیت کی خدمت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہمیشہ سے ہی عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں پیش پیش رہی ہے۔نعیم حامد اسپتال کے ڈاکٹر مبارک علی نے کہا کہ مسلکی دوریاں ختم کرکے یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف روحانی اعتبار سے اہم ہے بلکہ ایک موقع ہے کہ ہم سب مل کر انسانیت کی خدمت کے لئے کام کریں۔ شہری جمعیۃ کے نائب صدر اور جامعہ محمودیہ کے استاذ مولانا نورالدین احمد قاسمی نے کہا کہ تعلیمی ادارے ہمیشہ سے ہی انسانیت کی خدمت کے لئے کام کرتے رہے ہیں اور آج بھی ہم اسی جذبے کے تحت یہاں موجود ہیں۔ مولانا نے کہا کہ ہم اپنے طلباء کو بھی اس بات کی تعلیم دیتے ہیں کہ وہ انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے کام کریں۔شہری جمعیۃ علماء کے سکریٹری مفتی اظہار مکرم قاسمی نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کو اولیت دی ہے اور ہم ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے آج بھی اسی راستے پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد اس بات کی ایک عملی مثال ہے کہ ہم کس طرح اپنی مسلکی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر خدمت خلق کو فروغ دے سکتے ہیں۔ میڈیکل کیمپ سے عرس میں آئے سینکڑوں زائرین نے فائدہ اٹھایا اور انہیں مفت طبی معائنہ و علاج فراہم کیا گیا۔ زائرین نے جمعیۃ علماء اور نعیم حامد اسپتال کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے ان کے دلوں میں بھی ایک مثبت تاثر پیدا ہو رہا ہے۔ زائرین نے کہا کہ مسلکی اختلافات کو بھلا کر خدمت خلق کے لئے کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس قسم کے اقدامات سے ہمیں ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے۔












