نئی دہلی،2 جنوری ( یو این آئی) ہاکی انڈیا نے جمعہ کے روز ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے نامور کوچ شوارڈ مارین (Sjoerd Marijne) کو ایک بار پھر ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ مارین کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے ٹوکیو اولمپکس میں چوتھی پوزیشن حاصل کر کے تاریخ رقم کی تھی، جو 36 سالوں میں ٹیم کی بہترین کارکردگی تھی۔ہاکی انڈیا نے کوچنگ اسٹاف کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم تقرریاں کی ہیں، جن میں ارجنٹائن کے سابق مڈ فیلڈر مٹیاس ویلا کو اینالیٹیکل کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ دو اولمپکس (سڈنی اور ایتھنز) کا تجربہ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر وین لومبارڈ بطور سائنٹفک ایڈوائزر اور ہیڈ آف ایتھلیٹک پرفارمنس ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ ان کی معاونت روڈیٹ ئیلا اور سیارا ئیلا کریں گی۔شوارڈ مارین کی واپسی کے بعد پہلا امتحان 8 سے 14 مارچ 2026 تک حیدرآباد، تلنگانہ میں ہونے والے FIH ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز ہوں گے۔ نو منتخب کوچ 14 جنوری کو ہندوستان پہنچیں گے، جبکہ قومی تربیتی کیمپ 19 جنوری سے سائی (SAI) بنگلورو سینٹر میں شروع ہوگا۔اپنی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شوارڈ مارین نے کہا،”ساڑھے چار سال بعد دوبارہ واپسی پر بہت خوش ہوں۔ میں نئی توانائی اور واضح وژن کے ساتھ آیا ہوں تاکہ کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر ان کی مکمل صلاحیتوں تک پہنچانے میں مدد کر سکوں۔”ہاکی انڈیا کے صدر ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے نئے اسٹاف کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزارت کھیل اور سائی (SAI) کے تعاون سے تقرری کا عمل تیزی سے مکمل کیا گیا تاکہ ورلڈ کپ کی تیاریوں میں خلل نہ پڑے۔ سیکرٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے امید ظاہر کی کہ ٹیم ایشین گیمز اور ورلڈ کپ کوالیفائرز میں بہترین نتائج دے گی۔












