کراچی (یو این آئی) ریان رکلیٹن (103) کی سنچری، کپتان ٹیمبا باوما (58)، ایڈن مارکرم (52 ناٹ آؤٹ) اور راسی وین ڈیر ڈوسن (52) کی نصف سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ نے چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جمعہ کو افغانستان کو جیت کے لیے 316 رنوں کا ہدف دیا۔
آج جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کا انتخاب کرتے ہوئے، جنوبی افریقہ کی شروعات خراب رہی کیونکہ اس نے 28 کے اسکور پر ٹونی ڈیزارزی (11) کا وکٹ گنوا دیا۔ انہیں محمد نبی نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کپتان ٹیمبا باوما بیٹنگ کے لیے آئے اور ریان رکلیٹن کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 129 رن کی شراکت ہوئی۔ محمد نبی نے 29ویں اوور میں ٹیمبا باوما کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ ٹیمبا باوما نے 76 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 58 رن بنائے۔ ریان رکلیٹن 36ویں اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔ ریان رکلیٹن نے 106 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 103 رن بنائے۔ جنوبی افریقہ نے اپنا چوتھا وکٹ 43ویں اوور میں راسی وین ڈیر ڈوسن (52) کی صورت میں گنوایا۔ اس کے بعد ڈیوڈ ملر (14) کو مارکو جانسن (0) نے آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 315 رن بنائے۔ ایڈن مارکرم (52) اور ویان مولڈر (12) ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے دو وکٹ حاصل کئے۔ نور احمد، عظمت اللہ عمرزئی اور فضل الحق فاروقی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ نے چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جمعہ کو افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ آج جنوبی افریقہ کے کپتان تیمباباوما نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے بعد باوما نے کہا کہ پاکستان میں عام طور پر وکٹ اس سے مختلف نظر آتی ہے۔ واقعی یقین نہیں ہے کہ یہ کیسا سلوک کرے گی۔ ہمیں وکٹ کا اندازہ لگانا ہے اور امید ہے کہ ہم ایک اچھا سکور بنائیں گے۔ بولنگ ہماری طاقت ہے اور ہمیں اس پر بھروسہ ہے۔ ہماری الیون میں ایک اسپنر ہے۔ادھر افغانستان کے کپتان حسمت اللہ شاہدی نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے۔ ہم نے شارجہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف زبردست کرکٹ کھیلی۔ ہمارے پاس زبردست اسپنرز ہیں۔ اگر ہم اچھی شروعات کرتے ہیں اور ابتدائی وکٹیں لیتے ہیں اور انہیں آگے بڑھنے سے روک سکتے ہیں تو مجھے خوشی ہوگی۔