نئی دہلی (یو این آئی) سری لنکا کے خلاف نیوزی لینڈ کی 2-0 سے شکست کے بعد ٹم ساؤتھی نے ٹیسٹ کپتانی سے استعفیٰ دے دیا ہے اور ٹام لیتھم کو ہندوستان کے خلاف 16 اکتوبر سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔
ساؤتھی نے کل 14 ٹیسٹ میچوں میں نیوزی لینڈ کی کپتانی کی ہے جس میں نیوزی لینڈ نے چھ جیتے اور چھ میں شکست کھائی۔ کین ولیمسن کے 2022 میں کپتانی چھوڑنے کے بعد ساؤتھی کو کپتان بنایا گیا تھا۔ حال ہی میں سری لنکا کے شہر گال میں نیوزی لینڈ کو اننگز کی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ یہ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی مسلسل چوتھی شکست تھی۔ ساؤتھی نے اس سال آخری آٹھ ٹیسٹ میں صرف 12 وکٹیں حاصل کیں۔ اگرچہ انہوں نے سری لنکا میں دونوں میچ کھیلے لیکن ممکن ہے کہ ہندوستان میں انہیں حالات کے مطابق مطلوبہ ٹیم کمبی نیشن کو یقینی بنانے کا موقع نہ ملے۔
لیتھم اس سے قبل 2020 سے 2022 تک نیوزی لینڈ کی کپتانی کر چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ نے ان کی قیادت میں نو ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔