میڈرڈ: اسپین نے فلسطین کو باضابطہ طور پر آزاد ریاست تسلیم کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کابینہ نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کی منظوری دے دی۔
سوشلسٹ رہنما پیڈرو سانچیز نے کہا فلسطینیوں پر مظالم کی مثال نہیں ملتی، فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا ایک تاریخی لمحہ ہے، امن فلسطینیوں کا بنیادی حق ہے اور فلسطین میں امن کا قیام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے غصہ بھرے رد عمل کے باوجود آج اسپین کے ساتھ ساتھ آئرلینڈ اور ناروے بھی باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے۔
اسپین اور آئرلینڈ کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے اعلان پر یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان تعلقات تناؤ کا شکار ہو گئے ہیں، تاہم میڈرڈ نے اصرار کیا ہے کہ یورپی یونین کو جنوبی غزہ کے شہر رفح میں مسلسل مہلک حملوں پر اسرائیل کے خلاف کوئی قدم اٹھانا چاہیے۔
دوسری طرف ناروے، جو یورپی یونین کا رکن نہیں ہے لیکن اکثر اپنی خارجہ پالیسی کو یورپی یونین کے ساتھ ہم آہنگ کرتا ہے، نے فلسطینی ریاست کو رسمی طور پر تسلیم کرنے سے قبل ہفتے کے آخر میں فلسطینی حکومت کو سفارتی کاغذات سونپے۔
غزہ میں ہلاکت خیز کارروائیوں کے بعد اسرائیل دنیا میں تیزی سے تنہائی کا شکار ہو رہا ہے، دو دن قبل رفح میں بے گھر افراد کے کیمپ پر ہولناک بمباری میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے بعد عالمی سطح پر سخت رد عمل اور مذمت کی ایک اور لہر اٹھی ہے۔
دریں اثنامغربی یورپ سے تعلق رکھنے والے تین ملکوں نے منگل کے روز فلسطینی ریاست کو باقاعدہ تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تینوں ممالک سپین ، آئرلینڈ اور ناروے نے اسی ماہ اس سلسلے میں اعلان کیا تھا کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ہیں۔ 28 مئی کو اس کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
تینوں مغربی ملکوں نے یہ فیصلہ اسرائیل پر عالمی برادری کا دباؤ بڑھانے کی غرض سے کیا ہے تاکہ حماس کے پچھلے سال سات اکتوبر کو کیے گئے حملے کے جواب میں حد سے بڑھے ہوئے اور تباہ کن اسرائیلی جواب کی صورت طویل جنگ کو روکنے میں کردار ادا کر سکیں۔
اسرائیل نے اس اہم پیش رفت کا کوئی اثر لینے کے بجائے اپنے روایتی سرکشی کے سے انداز میں اس سہ ملکی فیصلے کی مذمت کی ہے اور صاف کہہ دیا ہے کہ اس کا کوئی فوری اثر غزہ کی جنگ پر نہیں ہو گا۔
سپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کےسلسلے میں اپنی قوم سے سے ٹی وی پر خطاب کیا ۔ ان کا کہنا تھا یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ جس کا واحد مقصد اسرائیل اور فلسطینیوں کو امن کی طرف لانا ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز نے اس خطاب کے فوری بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ ایکس ‘ پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ‘ سانچیز کی حکومت یہودیوں کی نسل کشی کے لیے انگیخت کرنے اور جنگی جرائم کا سبب بن رہی ہے۔
آئرلینڈ اور ناروے بھی جلد اس معاملے میں سپین کے ساتھ آ ملنے والے ہیں ، جیسا کہ انہوں نے پچھلے ہفتے ہی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ادھر آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں فلسطینی پرچم لہرا دیا گیا ہے آئرش وزیر اعظم سائمن ہیرس نے اپنی کابینہ کے اجلاس کے باضابطہ اجلاس سے قبل کہا ‘ یہ ایک اہم لمحہ ہے ۔












