نئی دہلی : انڈیا اتحاد کی سب سےمضبوط تصویر نظر آ رہی ہے۔اتحاد کو لے جاری چہ می گوئیوں کو لگام دیتے ہوئے جہاں ایک طرف بہار کے وزیر اعلی اور جے ڈی یو سپریمو نتیش کمار مکر سنکراتی کے موقع پر سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی کے گھر پہنچے وہیں دوسری طرف نائب وزیر اعلی بہار اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے یہ کہہ سب کی زبان بند کر دی کہ ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے اور نہ ہی نتیش کمار جی کسی سے ناراض ہیں،در اصل انڈیا اتحاد سے بی جے پی خوفزدہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد پوری طرح سے متحد ہے اور نتیش کمار بالکل بھی ناراض نہیں ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہر بار ایک ہی بات کا جواب بار بار ہم کیوں دیں ۔ سب بے کار کی باتیں کی جا رہی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ جب سے انڈیا اتحاد قائم ہوا ہے تب سے بی جے پی گھبرائی ہوئی ہے ۔ لالو پرساد یادو اور نتیش کمار ساتھ ہیں اس لیے بی جے پی ڈری ہوئی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ انڈیا اتحاد میں شامل جے ڈی یو اور آر جے ڈی میں کوئی اختلاف نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جب سے انڈیا اتحاد بنا ہے اور ہم سب ساتھ آئے ہیں تب سے اختلاف کی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جو کہ بے بنیاد ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے دو لاکھ 25؍خالی اسامیاں پر کرنے کا کام کیا ہے ۔ ہماری حکومت نے پسماندہ طبقہ کا ریزرویشن بڑھایا ہے ۔آنگن واڑی اور پنچایت کے نمائندگان کی تنخواہ میں اضافہ کیا ہے ۔ صوبہ میں سرمایہ کاری کے لیے 50؍ہزار کروڑ روپے کا اے ایم یو سائن کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے جو بھی وعدے کیے تھے ان سب کو پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ہم تیزی سے کام کر رہے ہیں ۔ سیٹوں کی تقسیم کے سوال پر تیجسوی یادو نے کہا کہ سیٹوں کی تقسیم میں کوئی اختلاف نہیں ہے ۔ وقت پر سب کام ہو جائے گا۔سب کچھ طے ہو چکا ہے ۔