لاگوس (یو این آئی) سریجا اکولا نے ڈبلیو ٹی ٹی کنٹینڈر سنگلز کے فائنل مقابلے میں چین کی ڈنگ یجی کو شکست دے کر خطاب جیت لیا، اس کے ساتھ وہ یہ ٹائٹل جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون ٹیبل ٹینس کھلاڑی بن گئی ہیں۔
نائیجیریا کے سر مولاڈ اوکویا تھامس انڈور اسپورٹس ہال میں اتوار کو کھیلے گئے ڈبلیو ٹی ٹی کنٹینڈر سنگلز کے خطابی میچ میں پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر چکی سریجا نے چین کی ڈنگ کو 4-1 (10-12، 11-9، 11-6، 11-8، 11-6) سے شکست دی۔ایک اور میچ میں ہندوستان کی دوسرے نمبر کی پیڈلر سریجا نے ارچنا کامتھ کے ساتھ ہم وطن دیا چتلے اور یشسوینی گھورپڑے کی جوڑی کو 3-0 (11-9، 11-6، 12-10) سے شکست دے کرویمنز ڈبلز کا خطاب بھی اپنے نام کیا۔
قابل ذکر ہے کہ سریجا اور ارچنا نے سیمی فائنل میں ایشیائی گیمز کی برونز میڈلسٹ ایہکا مکھرجی اور سوتیرتھا مکھرجی کو 3-0 (11-7، 11-5، 12-10) سے شکست دی تھی۔ دیا اور یشسوینی نے بھی اپنے آخری چار میچ میں چین کے سن سنان اور ڈنگ کی جوڑی پر3-1 (14-12، 6-11، 11-6، 11-7) سے جیت درج کی تھی۔
ہرمیت دیسائی اور مانو ٹھکر مینزڈبلز فائنل میں عزیز سولنکے اور اولاجائیڈ اوموٹایو کی مقامی جوڑی کو 3-0 (11-8، 11-9، 11-8) سے شکست دے کر اس سطح پر جیت درج کرنے والی یہ پہلی ہندوستانی جوڑی بن گئے ہیں۔












