بلال بزاز
سرینگر،سماج نیوز سروس:سرینگر جموں قومی شاہراہ کی جلد بحالی مرکزی حکومت کی اولین ترجیح ہے کی بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے کہا کہ مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باوجود نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی ٹیمیں اس اہم شاہراہ کو قابل آمد رفت بنانے کیلئے انتھک محنت کر رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور سینئر افسران کے ساتھ سرینگرجموں قومی شاہراہ کی حالت کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ایکس پر ایک پوسٹ میں نتن گڈکری نے کہا کہ مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باوجود این ایچ اے آئی کی ٹیمیں اس اہم شاہراہ کو بحال کرنے کیلئے انتھک محنت کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا ’’2 لین کا عارضی موڑ بنایا گیا ہے اور ٹریفک کی نقل و حرکت دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ ایک درجن سے زیادہ کھدائی کرنے والے اور 50 ارتھ موورز کلیئرنگ اور مرمت کے لیے چوبیس گھنٹے تعینات ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’ہم اس اہم قومی شاہراہ کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کرنے کیلئے پرعزم ہیں‘‘۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے کہا کہ انہوں نے سرینگر جموں شاہرا ہ کے ساتھ ساتھ صورتحال کے بارے میں نتن گڈکری سے بات کی ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے اگلے 24 گھنٹوں کے اندر کچھ ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔جائزہ میٹنگ ہائی وے کی مسلسل بندش پر کشمیری پھلوں کے کاشتکاروں کے غم و غصے کے درمیان ہوئی ہے جس کی وجہ سے کروڑوں مالیت کی سیب کی پیداوار سڑ رہی ہے۔