سر ینگر، کشمیر میں ہڑتالی کال اور اسکول بند رہنا قصہ ماضی بن چکا ہے کا دعویٰ کرتے ہوئے جموںکشمیر پولیس سربرا ہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ راجوری اور پونچھ حملوں میں ملوث ملی ٹنٹوں کو جلد ہی کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر جموں و کشمیر میں امن کو خراب کرنے میں ملوث عسکریت پسندوں کی شناخت اور انہیں ختم کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر پولیس سربراہ نے جموں کے رام بن ضلع کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہڑتال کی کالیں‘ اب کشمیر میں تاریخ بن چکی ہیں اور یہاں ہمہ جہت ترقی ہوئی ہے جس سے سماج کے تمام طبقات اور سیاحت کی صنعت سمیت مختلف شعبوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔دلباغ سنگھ نے کہا کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ آیا راجوری پونچھ کے حالیہ حملوں میں ملوث عسکریت پسند گروپ کوئی نیا دراندازی گروپ ہے یا پرانا لیکن بظاہر یہ واضح ہے کہ یہ تنظیمیں ہیں۔ جموں و کشمیر میں امن کو خراب کرنے کیلئے پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔اس موقعہ پر دلباغ سنگھ نے کہا کہ راجوری اور پونچھ حملوں کے ذمہ داروں کو جلد ہی کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ راجوری پونچھ کے علاقوں میں جو کنٹرول لائن کے قریب ہیں، نصف درجن سے زیادہ آپریشن کئے گئے جس میں کئی دراندازوں کو ہلاک کیا گیا اور ہتھیاروں اور منشیات کو گرانے کو ناکام بنایا گیا۔ڈی جی پی نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر جموں و کشمیر میں امن کو خراب کرنے میں ملوث عسکریت پسندوں کی شناخت اور انہیں ختم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ضلع کی سیکورٹی کو مزید بڑھانے کیلئے جدید سیکورٹی آلات بشمول سی سی ٹی وی اور ڈرون کا مناسب استعمال کریں۔