دیوبند ،سماج نیوز سروس: جامعہ دارالصالحات میں ختم بخاری شریف کاانعقاد کیا گیا۔پروگرام کا آغاز جامعہ کی طالبہ مسکان کی تلاوت اورطالبہ عظمی کی نعت پاک سے ہوا۔اس موقع پر دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذمولانا و مفتی عارف قاسمی نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے کہاکہ علم حدیث نہایت اہم فن ہے،اسکا حصول سہل نہیں، اور نہ ہی ہر کسی کو اللہ اسکی توفیق عطا فرماتاہے، صحیح بخاری کتب حدیث میں سب سے افضل ہے، جن طالبات کو اس اہم ترین کتاب کی تکمیل کرنے کی سعادت حاصل ہوئی ہے،وہ بلاشبہ خوش نصیب ہیں، ان کی لئے یہی وصیت ہے کہ اس عظیم الشان علم کے تقاضوں کو ملحوظ رکھیں۔اور اپنی زندگیوں کو اسلامی احکامات وتعلیمات سے مزین کریں۔انہوں نے فارغ ہونے والی طالبات کو اپنے اندر اخلاص پیدا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ کی ذمہ داری بہت زیادہ بڑھ گئی ہے،آپ اس نعمت کی قدر کریں اور اس امانت کو آگے پہنچائیں۔ادارہ کی پرنسپل شمع طاہر نے کہا کہ تعلیم نسواں کی تحریک کو اس ادارے سے شروع کرنے کا مقصد عصری نظام تعلیم کے مفاسد سے قوم مسلم کو نجات دلانا ہے۔جامعہ کی ناظمہ سنجیدہ بیگم نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں سے عالمہ بن کر جارہی ہیں، آپ عالمہ بنی ہیں تو آپ کو عمل کرنے والی بھی بننا ہے، جو کچھ آپ نے پڑھا ہے جو کچھ آپ نے یہاں سیکھا ہے اس پر عمل کریں، اور دوسروں کو بھی سکھلائیں۔اس موقع پر فضیلت حاصل کرنے والی طالبات کو ردائے فضیلت سے نوازا گیا۔اس دوران طالبات نے تلاوت قرآن،نعت نبی،تقاریر اور مختلف ثقافتی پروگرام پیش کر حاضرین کا دل جیت لیا۔جلسہ کا اختتام مولانا و مفتی عارف قاسمی کی ملک و قوم نیز امن عالم کے کرائی گئی دعا ء پر ہوا۔












