سرینگر، سرحدوں پر ڈرون سرگرمیوں کے بڑھتے واقعات کے بیچ جموں کشمیر پولس اور فوج نے مشتر کہ طور پر راجوری کے سندر بنی علاقے میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک ڈرون برآمد کیا جس میں 5 میگزین، 131 گولیاں اور دو لاکھ ہندوستانی کرنسی بھی شامل تھی۔ادھر کنٹرول لائن کے نزدیک پورے جنگلات میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق راجوری کے سندر بنی علاقے میں کنٹرول لائن کے نزدیک پولس و فوج نے ایک ڈرون کو بر آمد کر لیا ۔ پولس ذرائع کے مطابق تقریباً 1030 بجے سندر بنی علاقے کے مقامی لوگوں نے ڈرون کی گن گرج کی آواز سنی۔ اس کے بعد انہوں نے فوج اور پولس کو اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع ملنے کے بعد فوج و پولس نے مشتر کہ طور پر علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا اور اس دوران تقریباً ایک گھنٹے کی مشترکہ تلاشی کارروائی میں ڈرون کو ہتھیاروں کی کھیپ کے ساتھ برآمد کیا گیا۔ پولس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ڈرون درخت یا پہاڑی سے ٹکرانے کے بعد گرا۔ انہوں نے بتایا کہ جس مقام سے ڈرون برآمد کیا گیا وہ لائن آف کنٹرول سے تقریباً 2-3 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔پولس کے مطابق ڈرون سے دو لاکھ ہندوستانی کرنسی میں 500 روپے کے 50000 روپے کے چار بنڈل شامل ہیں۔اس کے علاوہ،انہوں نے کہا کہ 131 راؤنڈ، 5 میگزین اور بہت سے سلینگ اور چار بیٹریوں والا ایک ہیکسا کاپٹر برآمد کیا گیا ہے.جموں میں قائم وزارت دفاع کے ترجمان نے بھی کھیپ کے ساتھ ڈرون کی برآمدگی کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے ۔












