سید پرویز قیصر
کولکاتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس نے سن رائزرس حیدرآباد کو80 رن سے شکست دی جو سن رائزرس حیدرآباد کی انڈین پریمیر لیگ میں رنوں کے حساب سے سب سے بڑی شکست تھی۔ اس میچ میں کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس نے پہلے بلے باز ی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ پر پورے 200 رن بنانے کے بعد سن رائزرس حیدرآباد کے سبھی کھلاڑی16.4 اوور میں120 رن پر آوٹ کردیئے تھے۔
اس سے پہلے سن رائزرس حیدرآباد کی انڈین پریمیر لیگ میں سب سے بڑی شکست 78 رن کی تھی جو اسے چنئی میں چنئی سپر کنگس کے خلاف28 اپریل2024 کو ملی تھی۔ اس میچ میں چنئی سپر کنگس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں تین وکٹ پر 212 رن بنائے تھے۔ سن رائزرس حیدرآباد کے سبھی کھلاڑی 18.5 اوور میں134 رن بناکر آوٹ ہوگئے تھے جسکی وجہ سے اسے اس میچ میں 78 رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اپنے گھر پر سن رائزرس حیدرآباد کی رنوں کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست77 رن کی ہے جو اسے چنئی سپر کنگس کے خلاف ملی تھی۔ حیدرآباد میں8 مئی2013 کو ہوئے اس میچ میں چنئی سپر کنگس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میںتین وکٹ پر 223 رن بنانے کے بعد سن رائزرس حیدرآباد کو مقررہ 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 146 رن ہی بنانے دیئے تھے۔سن رائزرس حیدرآباد کی انڈین پریمیر لیگ میں یہ تیسری سب سے بڑی شکست بھی ہے۔
سن رائزرس حیدرآباد کی انڈین پریمیر لیگ میں رنوں کے اعتبار سے مشترکہ طور پرچوتھی سب سے بڑی شکست 72 رن کی ہے جو اس کو پنجاب کنگس کے ہاتھوں شارجہ میں 22 اپریل2014 میں ملی تھی۔ اس میچ میں پنجاب کنگس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ پر 193 رن بنائے تھے۔سن رائزرس حیدرآباد کے سبھی کھلاڑی 19.2 اوور میں121 رن بناکر آوٹ ہوگئے تھے جس کی وجہ سے اسے 72 رن سے شکست ہوئی تھی۔
راجستھان رائلز نے بھی سن رائزرس حیدرآباد کو72 رن سے شکست دی ہے۔ حیدرآباد میں 2اپریل 2023 کو ہوئے میچ میں راجستھان رائلز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں پانچ وکٹ پر 203 رن بنائے تھے جس کے جس کے جواب میں سن رائزرس حیدرآبادنے مقررہ 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر131 رن بنائے تھے اور میچ72 رن سے گنوادیا تھا۔
وکٹوں کے حساب سے سن رائررس حیدرآباد کی انڈین پریمیر لیگ میں سب سے بڑی شکست نو وکٹ کی ہے جو اسے ممبئی انڈینس کے ہاتھوں حیدرآباد میں17 مئی2015 کو ہوئے میچ میں ملی تھی۔ اس میچ میں سن رائزرس حیدرآبادکے سبھی کھلاڑی پہلے بلے بازی کرتے مقررہ 20 اوور113 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ ممبئی انڈینس نے13.5 اوور میں ایک وکٹ پر 114 رن بناکر میچ میں نو وکٹ سے جیت درج کی تھی۔ یہ بالوں کے اعتبار سے سن رائزرس حیدرآباد کی اندین پریمیر لیگ میں تیسری سب سے بڑی ہار ہے۔
کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کی80 رن کی جیت انڈین پریمیر لیگ میں اسکی رنوں کے حساب سے ساتویں سب سے بڑی جیت تھی۔اس نے دو مرتبہ سو رن سے بڑی کامیابیاں بھی اپنے نام کی ہیں۔