نئی دہلی، (یو این آئی) خواتین سے متعلق قومی کمیشن نے راجیہ سبھا کی رکن سواتی مالیوال پر حملہ کے معاملے میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے پرسنل سکریٹری ویبھو کمار کو طلب کیا ہے ۔جمعرات کو ویبھو کمار کے دفتر کو بھیجے گئے ایک خط میں خواتین کمیشن نے انہیں 17 مئی کو صبح 11 بجے کمیشن کے سامنے حاضر ہونے کو کہا ہے ۔ کمیشن نے کہا ہے کہ اگر وہ وقت پر کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے تو متعلقہ ضابطے کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔کمیشن میں انڈر سکریٹری شالنی رستوگی نے خط میں کہا ہے کہ کمیشن نے محترمہ مالیوال پر حملے کی خبروں کا از خود نوٹس لیا ہے ۔ کمیشن نے کہا ہے کہ خبروں کے مطابق "راجیہ سبھا کی رکن اور دہلی وومن کمیشن کی سابق چیئرپرسن سواتی مالیوال پر دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے پرائیویٹ سکریٹری ویبھو کمار نے پرتشدد حملہ کیا ہے ۔”خیال رہے کہ حال ہی میں وزیر اعلیٰ کے پرسنل سکریٹری نے مسٹر کیجریوال کی رہائش گاہ پر محترمہ مالیوال پر مبینہ طور پر حملہ کیا تھا جس کی وجہ سے دہلی پولیس کو بھی بلایا گیا تھا۔ اس کے بعد محترمہ مالیوال پولیس اسٹیشن گئیں لیکن بغیر کوئی شکایت درج کرائے وہ واپس لوٹ گئیں۔












