سویڈن :سویڈن کے وزیر برائے امداد بنجمن دوسا نے جمعہ کو سویڈش براڈکاسٹر ٹی وی فور کو بتایا کہ شمالی یورپی خطے کا ملک اب انروا کی مزید مالی اعانت نہیں کرے گا۔ البتہ اس کی بجائے وہ دوسرے چینلز کے ذریعے غزہ کو انسانی امداد فراہم کریں گے۔اسرائیل نے جنوری کے اواخر سے ملک میں فلسطینیوں کے لیے اقوامِ متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی انروا کی کارروائیوں پر پابندی لگانے کا ارادہ کر رکھا ہے اور بار بار الزام لگایا ہے کہ ایجنسی کے عملے کے ارکان سات اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر ہونے والے حملوں میں ملوث تھے۔
دوسا نے کہا کہ سویڈن کا اعانت ختم کرنے کا فیصلہ اسرائیلی پابندی کے جواب میں تھا کیونکہ یہ ایجنسی کے ذریعے فلسطینیوں کو امداد پہنچانا مزید مشکل کر دے گی۔انہوں نے مزید کہا، سویڈن اگلے سال غزہ کے لیے اپنی مجموعی انسانی امداد میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ایک ممکنہ وصول کنندہ کے طور پر اقوامِ متحدہ کے عالمی غذائی پروگرام کا نام لیتے ہوئے وزیر نے کہا، "غزہ میں کئی دوسری تنظیمیں ہیں، میں ابھی وہاں گیا ہوں اور ان میں سے کئی سے ملا ہوں۔”اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس ماہ انروا کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسرائیل ایجنسی کے مینڈیٹ کا احترام کرے اور "بغیر کسی تعطل یا پابندی کے اس کی کارروائیوں کا جاری رہنا ممکن بنائے۔”