سید پرویز قیصر
ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کا فائنل ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان برج ٹاون میں ہفتہ ( 29جون) کو کھیلا جائے گا۔جنوبی افریقہ نے پہلے سیمی فائنل میں افٖغانستان کو نو وکٹ سے ہراکر پہلی مرتبہ ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے فائنل میں جٖگہ بنائی ہے جبکہ ہندوستان دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چمپیئن انگلینڈ کو 68 رن سے شکست دیکر تیسری مرتبہ فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میںہونے والا یہ ساتواں میچ اور کل ملاکر27 واں ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ ہوگا۔ ہندوستان نے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میںجنوبی افریقہ کے خلاف جوچھ میچ کھیلے ہیں ان میں چارمیں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دومیچوں میں اسے شکست ہوئی ہے۔ دونوں کے مابین جو26ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کھیلے گئے ہیں۔ اس میں ہندوستان کو14 میں جیت ملی ہے اور گیارہ میں اس کو شکست ہوئی ہے۔ ایک میچ بارش کی وجہ سے نامکمل رہا ہے۔
ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے مابین جو آخری پانچ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں سے دو میں ہندوستان نے جیت حاصل کی ہے۔ جنوبی افریقہ نے تین میچ جیتے ہیں۔ دونوں کے درمیان جو آخری ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ14 دسمبر2023 کو جوہانسبرگ میں کھیلا گیا تھا اس میں ہندوستان نے106 رن سے جیت درج کی تھی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر201 رن بنائے تھے۔ سوریہ کرن یادو نے82 منٹ میں56 بالوں پر سات چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے پورے سو رن بنائے تھے۔جنوبی افریقہ کے سبھی کھلاڑی 13.5 اوور میں 95 رن بناکر آوٹ ہوگئے تھے۔ ڈیوڈ ملر نے41 منٹ میں25 بالوں پر دو چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 35 رن بنائے تھے۔ کلدیپ یادو نے2.5 اوور میں 17 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا ۔ سوریہ کمار یادو کو مین آٖ ف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
ہندوستان کا جنوبی افریقہ کے خلاف ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا سکور20 اوور میں تین وکٹ پر 237 رن ہے جو اس نے گوہاٹی میں 2 اکتوبر 2022 کو ہوئے میچ میں بنایا تھا۔ اندور میں 4 اکتوبر 2022 کو کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے20 اوور میں تین ر وکٹ پر 227 رن بنائے تھے جو اس کا ہندوستان کے خلاف سب سے بڑا سکور ہے۔
کٹک میں5 اکتوبر2015 کو کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کے سبھی کھلاڑی17.2 اوور میں92 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جو اس کا ہندوستان کے خلاف سب سے کم اسکور ہے، جنوبی افریقہ کا ہندوستان کے خلاف سب سے کم اسکور16.5 اوور میں 87 رن ہے جو اس نے راجکوٹ میں17 جون2022 کو بنایا تھا۔
دھرم شالہ میں2 اکتوبر2015 کو کھیلے گئے میچ میں روہت شرما نے79منٹ میں 66بالوں پر12 چوکوں اورپانچ چھکوں کی مدد سے106 رن بنائے تھے جو ہندوستان کے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑاانفرادی اسکور ہے۔ جنوبی افریقہ کے لئے سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے کا ریکارڈ ڈیوڈ ملرکے پاس ہے جنہوں نے گوہاٹی میں 2 اکتوبر 2022 کو کھیلے گئے میچ میں79 منٹ میں47 بالوں پرآٹھ چوکوں اورسات چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر106رن بنائے تھے۔
کلدیپ یادو نے جوہانسبرگ میں14 دسمبر2023 کو کھیلے گئے میچ میں2.5 اوور میں17 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا جو ہندوستان کے لئے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔ جنوبی افریقہ کے لئے سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ لونگی نگیدی کے پاس ہے جنہوں نے پرتھ میں30 اکتوبر2022 کو کھیلے گئے میچ چار اوور میں29 رن دیکر چارکھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔












