نئی دہلی ،سماج نیوز سروس: دہلی کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ سے آوارہ کتوں کی نگرانی کرانے کے معاملے میں بی جے پی حکومت بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔ گھبراہٹ میں اب وہ عام آدمی پارٹی کے کارکنان کے خلاف ایف آئی آر درج کرا رہی ہے، لیکن اسے سمجھ لینا چاہیے کہ آپ کے کارکن ایسے اوچھے اور جھوٹے مقدمات سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ڈی پی ایس نے فیس جمع نہ ہونے پر معصوم بچوں کو ہراساں کیا۔ ضلع مجسٹریٹ کی سفارش اور تمام ثبوت موجود ہونے کے باوجود بی جے پی حکومت اور وزیرِ تعلیم آشیِش سود نے ابھی تک ڈی پی ایس کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کرائی اور نہ ہی اسکول انتظامیہ کے کسی فرد کو گرفتار کیا۔ بی جے پی حکومت کے محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جھوٹ پھیلانے کے الزام میں تھانے میں شکایت درج کرانے کے بعد عام آدمی پارٹی کے دہلی ریاستی کنوینر سوربھ بھاردواج نے یہ سخت ردِعمل ظاہر کیا۔سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بی جے پی حکومت اور وزیرِ تعلیم آشیِش سود، ڈی ایم کی سفارش اور تمام ثبوت ہونے کے باوجود ڈی پی ایس اسکول کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی ہمت نہیں دکھا سکے۔ اس کے برعکس وہ عام آدمی پارٹی کے کارکنان کو ایف آئی آر کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی ان اوچھے اور جھوٹے مقدمات سے ڈرنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر ڈی پی ایس اسکول انتظامیہ کے کسی بھی شخص کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ کیا بی جے پی حکومت ان سے ڈری ہوئی ہے یا پھر حکومت کی اسکول انتظامیہ سے ملی بھگت ہے؟معصوم طلبہ کے استحصال کے باوجود حکومت نے ایف آئی آر درج نہیں کرائی۔ وزیرِ تعلیم کو اس ایک اسکول کا نام بتانا چاہیے جس نے بڑھائی ہوئی فیس واپس کی ہو۔ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد تقریباً تمام پرائیویٹ اسکولوں نے فیس بڑھا دی تھی۔ ادھر جمعہ کو آپ ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بُراڑی سے رکنِ اسمبلی سنجیو جھا نے کہا کہ کہ اس بارے میں جھوٹی معلومات پھیلانے والوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ وہیں جمعہ کو وزیرِ تعلیم آشیِش سود نے بھی پریس کانفرنس کر کے کہا کہ پولیس میں شکایت درج کرا دی گئی ہے اور ایف آئی آر درج ہوگی۔ عام آدمی پارٹی نے پہلے بھی محکمہ تعلیم سے جاری سرکلر دکھائے تھے۔ وزیرِ تعلیم یا ڈائریکٹر ایجوکیشن کو واضح کرنا چاہیے کہ آخر یہ سرکلر کس نے جاری کیے؟ سنجیو جھا نے دہلی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری دو سرکلر دکھاتے ہوئے کہا کہ ایک سرکلر 20 نومبر کو ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی کیئر ٹیکنگ برانچ نے جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ ہر اسکول میں آوارہ کتوں کے انتظام کے لیے نوڈل افسر مقرر کیے جائیں گے۔












