کانپور،پریس ریلیز،ہماراسماج: جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی ماہِ ربیع الاول کو ”رحمت عالمؐ مہینہ” کے طور پر بڑے جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یکم ربیع الاول سے لے کر 30 ربیع الاول تک پورے شہر میں مختلف مقامات پر پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں مساجد، مدارس، مکاتب، اور اسکول شامل ہیں۔ نیز پورے ماہ شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی بیداری مہم اور شجر کاری مہم بھی چلائی جائے گی۔اس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے جمعیۃ علماء اترپردیش کے نائب صدر اور مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول ایک بہترین موقع ہے جب انسانیت کو حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ تعلیمات سے روشناس کرایا جائے۔ انہوں تحریک کے مقصد بتلاتے ہوئے کہا کہ عوام کو اسلامی تعلیمات، عدل و انصاف، اور بھائی چارے کی اہمیت سے آگاہ کرنا، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور تعلیمات کے ذریعے محبت و رحمت کا پیغام پھیلانا، موجودہ دور کے مسائل اور چیلنجز کا اسلامی تعلیمات کی روشنی میں حل تلاش کرنا اس تحریک کے بنیادی مقاصد ہیں۔ مولانا نے بتلایا کہ سابق قاضی شہر مولانا متین الحق اسامہ قاسمیؒ نے کئی برس قبل پورے ماہ کے پروگرام کی شروعات کی تھی جس کے مفید اثرات معاشرے میں نظر آئے ہیں۔مولانا نے بتلایا کہ اس موقع پر شہر کی مختلف مساجد، مدارس، اسکول و کالجز اور چوک چوراہوں پر سیرت کے جلسے اور نعتیہ و منقبتی مشاعرہ منعقد ہوں گے۔ اس کے علاوہ پورے شہر میں صفائی بیداری اور شجر کاری مہم بھی چلائے گی۔ مولانا نے بتلایا کہ مذہب اسلام میں صفائی کو نصف ایمان اور شجر کاری کو صدقہ جاریہ قرار دیا گیا ہے، اور آج ہمارا سماج ان دونوں مسائل کا سامنا کررہا ہے۔پروگرام کی تفصیلات بتلاتے ہوئے کہا کہ یکم ربیع الاول مطابق ۵؍ ستمبر بروز جمعرات دن میں ۲ بجے جمعیۃ بلڈنگ، بعد نماز عشاء محفل نعت و مدحِ صحابہؓ جامع مسجد اشرف آباد، ۲؍ ربیع الاول بروز جمعہ بعد عشاء جامعہ رحمت بکرمنڈی، ۳؍ ربیع الاول بروز سنیچر بعد عشاء اجیت گنج تراہا، ۴؍ ربیع الاول اتوار بعد مغرب مسجد رحیمیہ میرپور، بعد عشاء بھٹہ پرانی چنگی جاجمئو، ۵؍ ربیع الاول پیر بعد عشاء مدرسہ مفتاح القرآن رمئی پور، ۶؍ ربیع الاول منگل بعد عشاء مسجد عاشق علی جوہی لال کالونی، ۷؍ ربیع الاول بدھ بعد عشاء مسجد حلیمہ پوکھرپور، ۸؍ ربیع الاول جمعرات بعد عشاء غلہ منڈی چوراہا سریاں جاجمئو، ۹؍ ربیع الاول جمعہ نواب صاحب کا احاطہ پٹکاپور، ۱۰؍ ربیع الاول سنیچر بعد عشاء مدرسہ مرکز الاسلام پیچ باغ، ۱۱؍ ربیع الاول اتوار بعد عشاء قریش ہال قلی بازار، ۱۳؍ ربیع الاول منگل بعد مغرب مسجد اولیاء گنگاپار، ۱۴؍ ربیع الاول بدھ بعد مغرب مسجد ابراہیم شجاعت گنج، ۱۵؍ ربیع الاول جمعرات بعد عشاء مسجد بیت العلوم سنجے نگر، ۱۶؍ ربیع الاول بوقت جمعہ مدرسہ رشید العلوم مرحلہ چوراہا شکلا گنج،، ۱۷؍ ربیع الاول سنیچر بعد عشاء مسجد مدح خاں فیتھفل گنج، ۱۸؍ ربیع الاول اتوار بعد ظہر جامعہ رحمت گنگا پار، ۱۸؍ ربیع الاول اتوار بعد عشاء چھوٹی بی بی کا احاطہ مال روڈ، ۱۹ٖ؍ ربیع الاول پیر بعد عشاء چھوٹی مسجد پرم پوروہ، ۲۰؍ ربیع الاول منگل بعد عشاء جامع مسجد لال بنگلہ، ۲۱؍ ربیع الاول بدھ بعد عشاء مسجد رسی والی میرپور، ۲۲؍ ربیع الاول جمعرات بعد عشاء مسجد کچی سرائے موتی محال، ۲۳؍ ربیع الاول جمعہ بعد عشاء چھوٹی مسجد قدوائی نگر، ۲۴؍ ربیع الاول سنیچر بعد عشاء گموخاں کا احاطہ، ۲۵؍ ربیع الاول اتوار بعد عشاء مدنی مسجد شکلا گنج، ۲۶؍ ربیع الاول پیر بعد عشاء مسجد طیبہ سریاں، ۲۷؍ ربیع الاول منگل بعد عشاء مدرسہ انوارالعلوم سفید کالونی، ۲۸؍ ربیع الاول بدھ بعد عشاء خانقاہ شریفیہ گوالٹولی اور ۲۹؍ ربیع الاول جمعرات بعد عشاء مسجد جان و بدر اخلاق نگر گنگاپار میں سیرتؐ کے جلسے منعقد ہوں گے۔مولانا نے بتلایا کہ ان جلسوں کے علاوہ شہر کے کارپوریٹروں سے مل کر صفائی ستھرائی کے حوالہ سے مہم چلائی جائے گی۔ اس سلسلے میں ۸؍ ستمبر اتوار کو جمعیۃ بلڈنگ میں ۱۵؍ ستمبر کو جامع مسجد اشرف آباد میں پریورتن کے ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ رکھی گئی ہے جس میں صفائی کے حوالہ سے خاکہ تیار کیا جائے گا۔مولانا نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول ہمارے لئے ایک عظیم موقع ہے کہ ہم اسلامی تعلیمات کو اجاگر کریں اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو اپنی زندگیوں میں اپنائیں اور اس مہینے کو عبادت، علمی استفادہ، اور معاشرتی بھلائی کے مواقع کے طور پر استعمال کریں۔












