اسلام آباد (ہ س)۔ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر قلات کے نواح میں مسافر بس پر دہشت گردوں کے حملے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے دو قوالوں سمیت 3 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں میں مشہور قوال احمد حسین صابری اور ان کا بیٹا احمد رضا صابری شامل ہیں۔ یہ لوگ دیگر موسیقاروں کے ساتھ کوئٹہ جارہے تھے۔ڈان اخبار کے مطابق کراچی کے مشہور قوال ماجد علی صابری نے فون پر بتایا کہ ’میرے بھائی، بھتیجے اور ایک موسیقار مسلح حملے میں ہلاک ہوگئے‘۔ انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ شادی کی تقریب میں پرفارم کرنے کوئٹہ جارہے تھے۔ قوالوں کی بکنگ کرنے والے امتیاز لہری کے مطابق قوال ماجد صابری جمعرات کو اپنی اہلیہ کے ساتھ ہوائی جہاز کے ذریعے کوئٹہ آنا تھا۔ ان کے لیے ہوٹل کا ایک کمرہ بک کیا گیا تھا۔پولیس حکام نے بتایا کہ نیمرگ کے علاقے میں مسلح دہشت گردکوئٹہ-کراچی شاہراہ کے دونوں اطراف گھات لگائے بیٹھے تھے۔ انہوں نے حملے میں خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ ایک اہلکار نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ دہشت گردوں نے پہلے بس کو روکا اور پھر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ قلات کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شہزاد اکبر نے بس پر فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تین افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کی شناخت حیدر، عمران، منظر، عباس، محمد ثاقب، فیصل، محمد ندیم، محمد رضوان، مصور عباس، محمد وارث، فیضان، دلشاد (تمام رہائشی کراچی)، نجیب احمد (ڈرائیور) اور بلال احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ اسپتال حکام نے بتایا کہ زخمیوں کے سر اور جسم کے اوپری حصے میں زخم آئے ہیں۔ بعض شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایکس پر لکھا کہ ’’معصوم اور بے بس شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل معافی جرم ہے، یہ پاکستان کے اتحاد، خود مختاری اور امن پر براہ راست حملہ ہے‘‘۔ دریں اثنا، انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ واقعے سے کچھ دیر قبل آواران میں سیکورٹی فورسز نے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔اس تصادم میں میجر سید رب نواز طارق جاں بحق ہو گئے۔