سید پرویز قیصر
امیر الہی ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے دو ملکوں کیلئے ٹسٹ کرکٹ میں شرکت کی ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے لئے ایک ٹسٹ کھیلنے کے بعد ہندوستان کے خلاف پاکستان کے لئے پانچ ٹسٹ میچ کھیلے تھے۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی اور دائیں ہاتھ سے میڈیم فاسٹ اورلیگ بریک بالنگ کرانے والے امیر الہی یکم ستمبر1908 کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے ۔ انہوں نے 1934-35 مسلمس کیلئے ممبئی پنتنگولر میں اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا۔1947-48 میں جب ہندوستان نے آسڑیلیا کا پہلا دورہ کیا تھا تو وہ ٹیم میں شامل تھے۔ اس دورے میں انہوں نے اپنا پہلا ٹسٹ سڈنی میں دسمبر1947 میں کھیلا تھا۔ اس ٹسٹ میں انہیں ایک بالر کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا مگر ان سے بالنگ نہیں کرائی گئی تھی۔ اس ٹسٹ کی پہلی اننگ میں انہوں نے چار اور دوسری میں تیرہ رن بنائے۔
پاکستان کی ٹیم نے جب 1952 میں ہندوستان کا دورہ کیا تو امیر الہی اس ٹیم میں شامل تھے۔ انہوں نے اس سریز کے سبھی پانچ ٹسٹ میچوں میں حصہ لیا اور اسکی سات اننگوں میں10.83 کی اوسط کے ساتھ 65 رن بنائے تھے۔وہ ایک مرتبہ صفر پر بھی آوٹ ہوئے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور47 رہا تھا جو انہو ں نے چنئی میں چوتھے ٹسٹ میچ میں85 منٹ میں بنایا تھا۔ اس سریز میں انہوں نے پانچ ٹسٹ میچوں کی چار اننگوں میں بالنگ کرائی اور400 بالوں پر35.42 کی اوسط اور57.14 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ248رن دیکر سات کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ دہلی میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں انہوں نے39.4 اوور میں134 رن دیکر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جو انکی ٹسٹ کرکٹ میں سب سے اچھی بالنگ کارکردگی رہی۔
چنئی میں ہندوستان کے خلاف سریز کے چوتھے ٹسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگ میں انہوں نے زولفقار احمد کے ساتھ دسویں وکٹ کی شراکت میں104 رن جوڑے جو پاکستان کی جانب سے اس وکٹ کی پہلی سنچری رفاقت تھی۔ اس شراکت کے بعد پاکستان کی دسویں وکٹ کی دو اور سو رن کی شراکتیں ابھی تک ہوئی ہیں۔
امیر الہی نے1934-35 اور1953-54 کے درمیان کل125 فرسٹ کلاس میچوں میں شرکت کی جنکی172 اننگوں میں16.85 کی اوسط کے ساتھ2562 رن بنائے۔ وہ تین نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے اور انکا سب سے زیادہ اسکور96رن رہا تھا۔ اانہوں نے67 کھلاڑیوں کو کیچ بھی کیا۔ ایک بالر کی حیثیت سے انہون نے24822 بالوں پر13221 رن دیکر25.77 کی اوسط اور 48.38 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ513 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 30 مرتبہ انہوں نے ایک اننگ میں پانچ یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ چھ مرتبہ ایک میچ دس یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے ۔ انکی ایک اننگ میں سب سے اچھی بالنگ کارکردگی94 رن دیکر آٹھ وکٹ رہی تھی۔
رنجی ٹرافی میں انہوں نے بڑودہ ، شمالی ہند اور جنوبی پنجاب کی نمائندگی کی اور24.72 کی اوسط سے193 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ انہوں نے بہاولپور کے لئے قائد اعظم ٹرافی میں بھی میچ کھیلے۔ ہندوستان کی جانب سے وہ آسڑیلیا میں بھی دورے کے فرسٹ کلاس میچوں میں شریک رہے۔
امیر الہی ان بارہ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے بڑی عمر میں ٹسٹ کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے کولکاتہ میں اپنا آخری ٹسٹ 44 سال سے بڑی عمر میں کھیلا متھا۔ ان کا انتقال کراچی میں28 دسمبر1980 کو72 سال اور118 دن کی عمر میں ہوا تھا۔












