عام انتخابات 2024؍سے قبل جنتا دل یونائٹیڈ کا بڑا فیصلہ ، دیکھتے رہ گئے مخالفین
تیرنشانہ پرچلانے کے لیے نتیش کمار نے پھر سنبھالی ’کمان‘
کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا نئی دہلی میں منعقدہ جے ڈی یو قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں للن سنگھ نے صدارتی عہدے سے دیا استعفیٰ ، نتیش کمار کا نام صدارت کے لیے کیا پیش، اتفاق رائے سے تجویز منظور
جے ڈی یو مجلس عاملہ کی میٹنگ میں اور کیا کچھ ہوا
بہار کے ماڈل کو ہر ریاست میں لے جانے کا اعلان
ذات کی بنیاد پرمردم شماری کے لیے ملک گیر مہم کا اعلان
ذات کی بنیاد پر مردم شماری کو قبول کرنا سب کی مجبوری
عام انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کا اعلان
ممتاز عالم رضوی
نئی دہلی :29 دسمبر،سماج نیوز سروس عام انتخابات 2024؍کے مقابلہ کے لیے جاری تیاریوں کے درمیان جنتادل یونائٹیڈ نے بڑا فیصلہ لیا۔تیر نشانہ پر لگے اس کے لیے ایک بار پھر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے پارٹی کی کمان سنبھال لی ۔مخالفین اس وقت دیکھتے رہ گئے اور انھیں زورکا دھچکا لگا جب للن سنگھ نے خودسے نہ صرف صدارتی عہدے سے استعفیٰ دیا بلکہ مجلس عاملہ کی میٹنگ میں نیش کمار کا نام صدارت کے لیے پیش بھی کیا ۔یہاں کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں منعقدہ جے ڈی یو مجلس عاملہ اور مجلس منتظمہ کی میٹنگ میں اتفاق رائے سے نتیش کمار کو ایک بار پھر صدر منتخب کر لیا گیا۔اس انتخاب کے بعد نتیش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پارٹی کی ذمہ داری سنبھال لی ہے اور صدارتی عہدہ قبول کر لیا ہے۔عہدہ قبول کرنے کے ساتھ ہی نتیش کمار نے اعلان کیا کہ ہم ملک بھر میں ذات پر مبنی مردم شماری کے لیے عوامی بیداری مہم چلائیں گے اور اس کا آغاز جھارکھنڈ سے جنوری میں کیا جائے گا ۔اس کے ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ہمارے اس ایجنڈے کو آگے بڑھانا کانگریس کی مجبوری ہے۔علاوہ ازیں اس بڑی تبدیلی کے بعد سیاسی گلیاروں میں چہ می گوئیاں تیز ہو گئی ہیں اور قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہو گیا ہے کہ آخر اب بہار کی سیاست کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا تاہم نیش کمار نے پیغام دے دیا ہے ۔واضح رہے کہ جمعرات کی شام یہاں منعقدہ پارٹی عہدیداروں کی میٹنگ کے بعد جے ڈی یو کے تمام بڑے لیڈروں نے مسٹر سنگھ کے استعفیٰ کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی میں سب کچھ معمول پر ہے اور کسی قسم کی کوئی بے ضابطگی نہیں ہے ۔مخالفین کی جانب سے یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ للن سنگھ بغاوت بھی کر سکتے ہیں لیکن اس قسم کی تمام باتوں پر لگام لگ گئی ۔ قومی مجلس منتظمہ کی میٹنگ میں ہوئی بات چیت پر بولتے ہوئے بہار کے وزیر شرون کمار نے کہا کہ پارٹی کے کارکنان کے لیے پیغام ہے کہ ہمیں عام انتخابات کے چیلنجز کا سامنا کرنا ہے ۔نتیش کمار کے بہار ماڈل کو ہر ریاست میں لے کر جانا ہے ۔جے ڈی یو کے سینئر لیڈر کے سی تیاگی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بی جے پی اور کانگریس دونوں کے لیے یہ مجبوری ہے کہ انھیں ذات کی بنیاد پر مردم شماری کو قبول کرنا ہوگا ۔انھوں نے کہا کہ 15؍سال قبل بھی یہ ممکن نہیں تھا ۔انھوں نے کہا کہ اگر انڈیا اتحاد حکومت میں آتا ہے تو سب سے اہم ایجنڈا ذات کی بنیاد پر مردم شماری کو کرانا ہے ۔ علاوہ ازیں اتفاق رائے سے جے ڈی یو کے صدر منتخب ہونے کے بعد مبارکباد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔ سب سے پہلے للن سنگھ نے نتیش کمار کو دوبارہ پارٹی کا صدر منتخب کیے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ اس کے ساتھ ہی بہار کے نائب وزیر اعلی اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بھی مبارکباد پیش کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ نتیش کمار پہلے بھی پارٹی کے صدر اور سینئر رکن تھے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب بی جے پی کو شکست دینے کے لیے متحدہ طور پر کام کریں گے ۔
+91 9899775906
mumtazshalam@gmail.com