نئی دہلی، سابق فوجیوں کوون رینک ون پنشن کے تحت بقایاجات کی دائیگی کرنے سے متعلق کیس میں مرکزی حکومت کوایک بار پھر بڑا جھٹکا لگا ہے۔سپریم کورٹ نے پیر کوکہا کہ مرکزی حکومت سابق فوجیوںکو بقایاجات کی ادائیگی کرنے پر اس کے 2022کے حکم کی تعمیل کرنے کی پابند ہے۔عدالت عالیہ نے 2019-2020کیلئے انہیں آئندہ سال 2024تک 28000کروڑ کی بقایا رقم دینے کا بھی حکم سنایا۔وہیں اس معاملے میں مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے مہر بند لفافہ کوقبول کرنے سے انکار کردیا۔سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ون رینک ون پنشن کے تحت حکومت کو نیا فارمولہ دینے کے ساتھ ساتھ حکومت کے طریقہ پر سخت تبصرے بھی کئے ۔جہاںسنوائی کے دوران چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس پی ایس نرسمہا اور جے بی پاردی والا کی بنچ نے کہا،ہمیں سپریم کورٹ میں اس مہر بند لفافے کی روایت کو ختم کرنے کی ضرورت ہے عدالت نے کہا کہ یہ غیر جانبدارانہ انصاف کے بنیادی عمل کے منافی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ’میں ذاتی طور پر سیل بند لفافوں کے خلاف ہوں۔ عدالت میں شفافیت ہونی چاہیے… یہ احکامات کے نفاذ سے متعلق ہے۔ یہاں راز کیا ہو سکتا ہے‘۔ بتادیں کہ حال ہی میں چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چوڑ نے اڈانی ہنڈن برگ معاملے میں بھی خاص کمیٹی میں شامل کرنے کیلئے ناموں کی تجویز کو مرکز کی جانب سے مہر بند نوٹ کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔آج سپریم کورٹ نے مرکز ی حکومت کو سخت حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ 70 سال سے زیادہ کی عمر والے پنشنرس کو 30 جون 2023 تک پوری ادائیگی کرے۔ اس کے علاوہ 6 لاکھ فیملی پنشن و بہادری ایوارڈ والے پنشنرس کو 30 اپریل 2023 تک بقایہ کی ادائیگی کی جائے۔ باقی تقریباً 11 لاکھ لوگوں کو 3 برابر قسط میں 30 اگست 2023، 30 نومبر 2023 اور 28 فروری 2024 تک ادائیگی کی جائے۔ واضح رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں پنشن پانے والوں کی تعداد تقریباً 25 لاکھ ہے۔ اس کا ایریر تقریباً 28 ہزار کروڑ روپے ہے۔ یہ بقایا 2019 سے دیا جانا ہے۔بنچ فی الحال او آر او پی کے واجبات کی ادائیگی سے متعلق انڈین ایکس سرویسین موومنٹ (آئی ای ایس ایم) کی درخواست پر سماعت کر رہی ہے۔غور طلب ہے کہ عدالت عظمیٰ نے پچھلی سنوائی کے دوران 13 مارچ کو او آر او پی کے واجبات کو چار قسطوں میں ادا کرنے کے ’یکطرفہ‘ فیصلے کے لیے حکومت کی نکتہ چینی کی تھی۔ وزارت دفاع نے حال ہی میں سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ اور تعمیلی نوٹ داخل کیاتھا، جس میں سابق فوجیوں کو 2019-22 کے 28,000 کروڑ روپے کے واجبات کی ادائیگی کا وقت دیاگیا ہے۔












