امپھال، 01 جون: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ حکومت منی پور میں جاری تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کرے گی۔چیف منسٹر سکریٹریٹ میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے اعلان کیا کہ منی پور کی علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا۔ ریاست میں امن کی بحالی کے لیے منی پور کی گورنر انوسویا اوئکے کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی میں سماج کے مختلف طبقات اور برادری کے نمائندے شامل ہوں گے اور ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ چیف جسٹس ریاست میں ہونے والے واقعات کی جانچ کریں گے ۔ مسٹر شاہ نے کوکی عسکریت پسندوں سے سسپینشن آف آپریشن (ایس او او) کے تحت زمینی اصولوں پر عمل کرنے کو کہا اور خبردار کیا کہ قواعد کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیر داخلہ نے سب سے لوٹا ہوا اسلحہ حوالے کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کے لیے کل سے سرچ آپریشن شروع کیا جائے گا۔مسٹر شاہ نے کہا کہ کلدیپ سنگھ کی سربراہی میں انٹر ایجنسی یونیفائیڈ کمانڈ آج سے ہی ریاست میں کام کرے گی اور اس سے منی پور میں کام کرنے والی مختلف ایجنسیوں کو مربوط کرنے میں مدد ملے گی۔ کئی مقدمات درج کیے گئے ہیں اور سی بی آئی سازش کا پردہ فاش کرنے کے لیے تحقیقات شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش اس طرح کی جائے گی کہ منی پور میں اس طرح کے تصادم کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تشدد میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے (مرکز اور ریاست کی طرف سے پانچ پاچن لاکھ روپے ) براہ راست بینک میں منتقل کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 15 ہزار میٹرک ٹن کی کھیپ میں اضافی 30 ہزار میٹرک ٹن چاول جلد یہاں پہنچ جائے گا۔ گیس، ضروری اشیاء، پٹرولیم مصنوعات، سبزیاں وغیرہ کو ریاست میں لایا جائے گا اور مختلف دکانوں کے ذریعے فروخت کیا جائے گا۔ نقل و حمل کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے ، کچھ پیٹرول پمپ 24 گھنٹے کھولے جائیں گے اور دوسری ریاستوں سے درآمد کیے گئے سامان کو امپھال سے تقریباً 106 کلومیٹر دور تامینگلونگ ضلع کے کھونگسانگ ریلوے اسٹیشن پر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیشن کے قریب پلیٹ فارم/اسٹور ہاؤس کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے جو ایک ہفتے میں مکمل ہو جائے گا۔ متاثرہ افراد کے لیے امدادی پیکج کا اعلان جمعہ کو کیا جائے گا۔مسٹر شاہ نے کہا کہ لوگوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے آٹھ میڈیکل ٹیمیں چوراچاند پور، مورہ اور کانگ پوکپی علاقوں میں پہنچیں گی اور ضرورت پڑنے پر میڈیکل ٹیموں کو امپھال بھیجا جائے گا۔ چوراچاند پور، مورہ اور کانگ پوکپی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ورچوئل کورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی اور 2,000 روپے فی مسافر کی معمولی فیس پر ہوائی اڈے تک پہنچنے کے لیے ہیلی کاپٹر سروس بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مختلف سرکاری ایجنسیوں کے افسران کو تعینات کیا جائے گا۔ تنازعہ حل کرنے کے لیے بین الاقوامی سرحد پر تقریباً 10 کلومیٹر پر باڑ لگانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور مزید 80 کلومیٹر پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ باہر کے لوگوں کی شناخت کے لیے بائیو میٹرک اور دیگر اقدامات کیے جائیں گے ۔مسٹر شاہ نے کہا کہ بحران اس وقت شروع ہوا جب عدالت کے فیصلے کی غلط تشریح کی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 29 مئی کو یہاں پہنچنے کے بعد انہوں نے مختلف سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ریلیف کیمپوں میں لوگوں سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ متاثرین سمیت سب کا ردعمل مثبت رہا ہے اور تمام مذاکرات امن و استحکام کی بحالی پر مرکوز تھے ۔ امن کی بحالی کے بعد انٹرنیٹ کی سہولت شروع کر دی جائے گی۔منی پور کے چورا چاند پور ضلع میں 3 مئی کو تشدد شروع ہونے کے بعد سے منی پور کے بیشتر حصوں میں دو نسلی گروہوں کے درمیان تصادم چل رہا ہے ۔












