کرناٹک اسمبلی انتخاب کی گہما گہمی کے باوجود اپوزیشن پارٹی کے اہم لیڈر اور اپوزیشن اتحاد کے لئے سرگرم بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار مشن 2024کو لگاتار آگے بڑھا رہے ہیں۔ بی جے پی کے مقابلے اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد کے سلسلے میں آج 23اپریل کو بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو دیگر کئی سینئر لیڈر کے ساتھ کلکتہ پہنچے اور ایک خوشگوار میٹنگ کے بعد نتیش کمار نے کہا کہ اس میٹنگ میں بہت اچھی طرح بات ہو گئی اب ہم سب مل کر 2024کے لئے لائحہ عمل بنائینگے۔نتیش کمار نے کہا کہ میں پہلے بھی بنگال آتا رہا ہوں۔ممتا بنرجی نے بنگال میں جو ترقیاتی کام کیا ہے وہ بھی ہم سب دیکھ رہے ہیں۔میں نے ممتا جی کے ساتھ کام بھی کیا ہے۔ہم سب ان کی صلاحیت سے واقف ہیں۔ جو لوگ اقتدار میں ہیں ان کو بھی ہم دیکھ رہے جو صرف پرچار کرنے میں یقین رکھتے ہیں ،ریاست کی ترقی کے لئے موجودہ مرکزی سرکار جو کچھ کرتی ہے اس سے ممتا بنرجی بھی واقف ہیں اور میں بھی۔جبکہ پرچار یہ کیاجاتا ہے کہ ریاست میں تمام تر ترقیاتی کام مرکزی حکومت ہی کراتی ہے۔ایسے میں ہم سب لوگوں کو انہیں اقتدار سے باہر کرنا ہے اور وہ سب ہوگا۔نتیش کمار ممتا بنرجی سے ملاقات کے بعد بہت خوش تھے اور انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میٹنگ کے بعد ہم تمام پارٹی کے لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر آگے کا پروگرام اور پالیسی بنائینگے۔
اس موقعہ پر میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ نتیش جی اور تیجسوی جی ہمارے پاس آئے اور ان سے گفتگو کر کے اندازہ ہو گیا کہ ہمارا ایک ہی مشن ہے اور وہ ہے بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنا اور جب یہ مشن کلئیر ہے تو پھر باقی باتیں بھی ایک دو میٹنگ میں طئے ہو جائینگی۔ممتا بنرجی نے بھی بی جے پی کی مرکصی سرکار کو ملک کے لئے خطرناک قرار دیا اور یہ واضح کر دیا کہ اپوزیشن اتحاد رفتہ رفتہ تیزی کے ساتھ اپنا قد بڑھاتا جا رہا ہے۔شروع شروع میں جب اس اتحاد کی بات ہوتی تھی تو اس میں سب سے بڑی رکاوٹ لوگ ممتا بنرجی کو ہی سمجھتے تھے لیکن جب کانگریس صدر اور نتیش کمار کی دہلی میں ملاقات ہوئی اور نتیش کمار کو ممتا بنرجی سے بات کرنے کی ذمہ داری دی گئی تب ہی مطلع تقریبا صاف ہو چکا تھا۔
مبصرین نتیش کمار اور ممتا بنرجی کی اس ملاقات کو نہایت اہم سمجھ رہے ہیں کیونکہ عام آدمی پارٹی کے دہلی میں وزیر اعلی اروند کیجریوال سے نتیش کمار کی ملاقات اور ان کے اس محاذ میں شریک ہونے کے اعلان کے بعد ہی ایسا لگنے لگا تھا کہ جلد ہی نتیش کمار دیگر پارٹی لیڈروں سے بھی ملاقات کرینگے۔اور اسی سلسلے میں آج ان کی ملاقات ممتا بنرجی سے ہوئی جو نہایت کامیاب ثابت ہوئی۔ امید کی جا رہی ہے کہ 2024کے مشترکہ محاذ کے سلسلے میں نتیش کمار اور تیجسوی یادو جلد ہی اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر اکھلیش یادو سے بھی ملاقات کرینگے۔
ملک میں ابھی سیاسی سرگرمیاں بہت تیز ہیں کیونکہ کرناٹک انتخاب کو بھی جیاں کانگریس جے ڈی ایس اور بی جے پی کی ساکھ داؤ پر ہے اور ابھی تک کے سروے رپورٹ کی روشنی میں دیکھا جائے تو بی جے پی کی حالت سرکار بنانے جیسی نہیں ہے۔اسی لئے یہ خبر ہے کہ بی جے پی کے سب سے مقبول چہرہ نریندر مودی وہاں تقریبا 25 ریلی کرینگے۔
حالنکہ ابھی 2024سے پہلے تین اور ریاستوں میں اسمبلی انتخاب ہے لیکن سیاسی مبصریں کرناٹک انتخاب کے نتائج کی روشنی میں ہی 2024 کے عام انتخاب کے بارے میں اپنی رائے قائم کرنا چاہ رہے ہیں۔یہ سمجھا جار ہا ہے کہ کرناٹک کے نتائج کا اثر سب سے زیادہ مہاراشٹرا پر پڑیگا۔جہاں 2019کے مقابلے 2024میں بی جے پی کو تنہا انتخاب لڑنا ہے۔کیونکہ مہا وکاس اگھاڑی کے نام سے مہاراشرا میں پہلے ہی شرد پوار کی این سی پی کانگریس اور اودھو ٹھاکرے کی شیو سینا بی جے پی سے مقابلے کے لئے تیار ہے۔
یعنی سیاست کی بساط پر اپوزیشن کے مقابلے بی جے پی کو اب صرف ایک پارٹی کے امیدوار سے مقابلہ کرنا پڑ سکتا ہے جو اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار ہوگا۔ان تما پارٹیوں کا فی الوقت ایک ایجنڈہ ہے اور وہ ہے بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا۔اور وہ اس کام میں مصروف ہے۔












