غزہ ، (یواین آئی ) موت کے سائے میں پلتے فلسطینی بچوں کی کھیل ہی کھیل میں گڑیا کا جنازہ نکالنے کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کو رُلا دیا۔جہاں دنیا بھر میں بچے گڑیا گڈوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے ان کی شادی رچاتے ہیں، وہیں جنگ کے سائے میں پلتے غزہ کے مظلوم بچوں کے گڑیا سے کھیلنے کے ویڈیو نے وائرل ہو کر دنیا بھر کے حساس انسانوں کی آنکھیں نم اور دلوں کو گداز کر دیا ہے۔غزہ میں پناہ گزین کیمپوں کے باہر ایک گلی میں کھیلتے چار پانچ کمسن بچے گڑیا کی شادی نہیں کر رہے، بلکہ اس کا جنازہ اٹھا رہے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ معصوم بچے ایک لگیج بیگ کے پائپ والے حصے کو اسٹریچر بنا کر اس پر گڑیا کو لٹاتے اور پھر اس کا جنازہ اٹھاتے ہیں۔
یہ ویڈیو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ روز کئی کئی میتیں اٹھتے دیکھ کر پھول جیسے بچوں کے ذہنوں پر اس کے اثرات اتنے گہرے ہو گئے ہیں کہ وہ کھیل میں بھی اس کو نہیں بھول پاتے۔ماہرین نفسیات کے مطابق اس طرح کے کھیل اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ بچے جنگ اور مسلسل خوف کے باعث ذہنی اور جذباتی طور پر شدید متاثر ہو چکے ہیں۔نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بچے اپنے اردگرد کے حالات کو کھیل کے ذریعے ظاہر کرتے ہیں اور یہ ویڈیو ان کے اندرونی خوف اور صدمے کی عکاسی کرتی ہے۔ ایسے حالات میں بچوں کی ذہنی صحت پر خصوصی توجہ دینا نہایت ضروری ہے، تاکہ وہ اس صدمے سے نکل کر ایک بہتر مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اس کو ایک تکلیف دہ تصویر قرار دیا ہے اور اس کے ساتھ وہ اسرائیل کے فلسطینی مسلمانوں پر امریکا کی مدد سے کیے جانے والے انسانیت سوز مظالم کی شدید مذمت کر رہے ہیں۔












