مودی کے مقابلہ انڈیا اتحاد کا نہیں طے ہوا چہرہ !
بی جے پی کو ٹکر دینے والے فارمولے پر انڈیا اتحاد کی مہر
مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی نے کانگریس صدر ملکاارجن کھڑگے کا نام کیا پیش ، دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال نے کی تائید ، کھڑگے نے کیا انکار
ممتاز عالم رضوی
نئی دہلی :عام انتخابات 2024؍کی تیاریوں کو لے کر منعقد ہ انڈیا اتحاد کی میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔اس میٹنگ میں بی جے پی کو ٹکر دینے والے فارمولے پر انڈیا اتحاد نے مہر لگائی ۔ تین گھنٹے تک چلی اس میٹنگ میں ووٹوں کی تقسیم کو روکنے کے لیے ایک سیٹ ایک امیدوارکے فارمولے پر تو مہر لگ گئی لیکن وزیراعظم نریندر مودی کے مقابلہ انڈیا اتحاد کا کون چہرہ ہوگا یہ فی الحال طے نہیں ہو سکا ۔حالانکہ ذرائع سے معلوم ہو ا ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی کی جانب سے وزیر اعظم کی امیدواری کے لیے کانگریس کے صدر ملکا ارجن کھڑگے کا نام پیش کیا گیا اور اس کی تائید دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجیرلوا نے کر دی تھی لیکن خود کھڑگے نے امیدوار بننے سے انکار کر دیااور کہا کہ جب ہم جیت کر آئیں گے تو اس وقت طے کر لیں گے کہ کس کو چہرہ بنایا جائے۔اس عمل سے یہ بات تو ظاہر ہو رہی ہے کہ اب انڈیا کا پی ایم چہرہ انتخابات کے دوران نہیں طے کیا جائے گا بلکہ جو بھی ہوگا وہ الیکشن کے بعد ہی ہوگا ۔اس کے ساتھ ہی خبر یہ ہے کہ اعلان کے مطابق میٹنگ میں طے ہوا ہے کہ ایک کے مقابلہ ایک بی جے پی کے خلاف امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے ۔ کل 450؍سیٹوں پر فیصلہ لیا گیا ہے ۔ اس میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا ہے کہ دسمبر سے پہلے پہلے سیٹوں کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔غور طلب بات یہ ہے کہ انڈیا اتحاد کے لیے دو چیزیں اہم تھیں ،ایک چہرہ اور دوسرا سیٹوں کی تقسیم ۔میٹنگ میں کھڑگے کے علاوہ راہل گاندھی ، بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار،مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی ، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال،پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان ، آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو ، سماجوادی پارٹی کے صدراکھلیش یادو ، این سی پی چیف شردپوار ، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے ،نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ ، پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی ،سی پی ایم کے لیڈر سیتا رام یچوری کے علاوہ کئی لیڈران نے شرکت کی ۔ علاوہ ازیں میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملکا ارجن کھڑگے نے کہا کہ یہ طے ہوا ہے کہ ملک بھر میںانڈیا اتحاد کی 8؍سے 10؍عوامی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔انھوں نے کہا کہ میٹنگ میں 28؍پارٹیوں کے نمائندگان نے اپنے خیالات پیش کیے۔انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کی 28؍پارٹیوں کے نمائندگان کے اتفاق رائے سے طے ہوا ہے کہ انڈیا اتحاد کو کیسے آگے بڑھنا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ میٹنگ میں اراکین پارلیمنٹ کی معطلی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو نے کہا کہ ہم سب ملکر لڑیں گے اور بی جے پی اور مودی کو اقتدار سے باہر کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم کسی بھی قیمت پر مودی کو مرکز میں حکومت بنانے نہیں دیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم ووٹوں کی تقسیم کو روکنے کے لیے ایک سیٹ ایک امیدوار کے فارمولے پر الیکشن لڑیں گے ۔