نئی دہلی ،سماج نیوز سروس: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال گوا کا دورہ چھوڑ کر دہلی پہنچے اور ایئرپورٹ سے سیدھے پالم میں متاثرہ خاندان سے تعزیت کے لیے پہنچ گئے۔ آپ رہنماؤں کی آمد کے دوران بی جے پی کارکنوں نے شدید ہنگامہ کیا اور انہیں متاثرہ خاندان سے ملنے سے روک دیا۔ اس دوران دھکم پیل بھی کی گئی۔ بی جے پی کارکنوں کے غیر انسانی رویے پر اروند کیجریوال سمیت دیگر رہنماؤں نے سخت ناراضگی ظاہر کی۔اروند کیجریوال نے کہا کہ میں پالم میں متاثرہ خاندان سے ملنے گیا تھا، لیکن بی جے پی کارکنوں نے ہمیں ملنے سے روکا، ہمارے ساتھ بدسلوکی کی اور کرسیاں پھینکیں۔ حکومت کی ناکامی اور لاپروائی نے 9 لوگوں کی جان لے لی، اور اوپر سے سوگوار خاندان کے گھر پر یہ لوگ غنڈہ گردی کر رہے ہیں، یہ غیر انسانی حرکت کی انتہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسے لوگ ہیں؟ ان میں انسانیت ختم ہو چکی ہے۔ فائر بریگیڈ کی گاڑی دیر سے پہنچی اور جب پہنچی تو اس کی ہائیڈرولک لفٹ تک نہیں کھلی۔ آگ میں پھنسے لوگ گھنٹوں مدد کے لیے پکارتے رہے اور آخرکار تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔ اگر وقت پر مدد مل جاتی تو کئی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔ ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہو گئے، اس کے باوجود اس خاندان کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔ عام آدمی پارٹی اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ جانچ اور کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے۔اروند کیجریوال نے کہا کہ متاثرہ شخص عام آدمی پارٹی کا کارکن ہے اور گوا میں پارٹی آبزرور کے طور پر کام کر رہا تھا۔ میں بھی گوا میں تھا، لیکن اس دردناک حادثے کی خبر سن کر اسے فوراً دہلی آنا پڑا۔












