امیٹھی/ رائے بریلی (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کو کہا کہ اتحاد کی حکومت آنے پر رائے بریلی اور امیٹھی کی ترقی کو یکساں اہمیت دی جائے گی۔امیٹھی پارلیمانی حلقہ کے گوری گنج-نند مہار میں اتحاد کے کانگریس امیدوار کشوری لال شرما کے حق میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ، انہوں نے کہا، "میں آپ کا ہوں، امیٹھی کا ہوں، تھا اور رہوں گا۔ میں گرچہ رائے بریلی سے ایم پی بنوں لیکن امیٹھی میرا خاندان ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ رائے بریلی میں جو بھی کام / منصوبہ آئے گا وہ امیٹھی میں آئے گا، یہ میری ضمانت ہے ۔ رائے بریلی میں اپنی والدہ سونیا گاندھی، بہن پرینکا گاندھی واڈرا اور اتحادی سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو کی موجودگی میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی ممکنہ شکست کو دیکھ کر اس قدر بوکھلائے ہوے ہیں کہ وہ ان کی ہی زبان میں تقریر کررہے ہیں۔ مسٹر گاندھی نے دعویٰ کیا کہ وہ مسٹر مودی سے جو چاہیں کہلواسکتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر انتباہی لہجے میں کہا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت بنانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ آئین کو بدل دے گی۔ ریزرویشن ختم کردے گی۔ سرکاری اداروں کو نجی ہاتھوں میں دے دے کی اور ہر شہری کے بولنے کے حق کو ختم کر دے گی۔رائے بریلی کی سابق ایم پی سونیا گاندھی نے اپنی مختصر تقریر میں کہا، "20 سال تک رکن پارلیمنٹ کے طور پرجو مجھے رائے بریلی کے لوگوں نے خدمت کا موقع دیا ہے اس کے لئے تہہ دل سے شکر گزار ہوں، اسی طرح امیٹھی کی بھی شکرگزار ہوں، اندرا گاندھی کے دل میں بھی رائے بریلی سے ایک جذباتی لگاؤتھا ہمارے بچوں کے خاندان کو یہ تعلیم دی گئی ہے سب کی عزت کرو، ان سے محبت کرو لیکن بے خوف ہو کر ناانصافی کا سامنا کرو اور میں آپ کو اپنا بیٹا سونپ رہی ہوں جیسے آپ نے مجھے اپنا مانا ویسے راہل کو آپ مایوس نہیں کریں گے ۔دوسری طرف مسٹر گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت سرمایہ داروں کی ساتھی ہے اور انہوں نے کسانوں اور جوانوں سمیت سب کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے خود کی کھٹا کھٹ، کھٹاکھٹ لفظ کی تک بندی کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ بی جے پی کو لوگ ہٹا دیں گے پھٹا پھٹ، پھٹا پھٹ، پھٹا پھٹ اور طنز کیا کہ جوکہتے تھے کہ نہ کھائیں گے نہ کھانے دیں گے وہ سب مال ڈکار گئے۔












