نئی دہلی، (یو این آئی) وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے پیر کے روز کہا کہ ہندستانی معیشت پر امریکی ٹیرف (محصولات) کے اثرات کا اندازہ لگانا ابھی قبل از وقت ہے، اور وزیر تجارت پیوش گوئل صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔سیتارمن نے وفاقی دارالحکومت میں ریزرو بینک آف انڈیا (آربی آئی ) کے سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹرز کے بجٹ کے بعد روایتی اجلاس سے خطاب کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا امریکی ٹیرف تبدیلیوں سے ہندوستانی معیشت پر پڑنے والے اثرات پر تبصرہ کرنا ابھی بہت جلدی ہے۔ وزیر تجارت اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے یہ تبصرے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب عالمی منڈیاں امریکہ کے نئے ٹیرف اقدامات پر ردعمل دے رہی ہیں، جس سے مختلف معیشتوں کو اپنی تجارتی نمو اور ترقی کے منظر نامے پر نظر ثانی کرنی پڑ رہی ہے۔خدشات کو دور کرتے ہوئے، آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا نے ہندوستان کے مالیاتی نظام کی لچک اور مضبوطی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ نظام سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے، جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ مرکزی بینک عالمی غیر یقینی صورتحال کے نتیجے میں کسی وسیع مالیاتی تناؤ کا خطرہ نہیں دیکھ رہا۔












