کانپور،جمعیتہ علماءشہر کانپور کے زیر اہتمام 103 سالہ قدیمی و تاریخی سہ روزہ اجلاس معراج النبی ﷺ کا پہلا جلسہ ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی نگرانی اور شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے مدرسہ شاہی مراد آباد سے تشریف لائے مولانا مفتی عبد الرحمن نقشبندی نے واقعہ معراج کے تعلق سے آنے والے اعتراضات کا مدلل او رمفصل جواب دیتے ہوئے کہا کہ حضرات صحابہ کرامؓ میں مختلف الخیال قسم کے لوگ ہیں، ان میں مختلف ملکوں،شعبوں اور فکروںسے تعلق رکھنے والے لوگ ہیں۔ اللہ کے نبیہر ایک صحابی کو پورے واقعہ کو تفصیل سے بیان نہیں کریں گے،بلکہ پوچھنے والے کے مناسب حال جو بات ہو گی وہی بیان کریںگے۔ کچھ ایسے لوگ جیسے حضرت ابوبکر صدیقؓ،حضرت عمر فاروقؓ ،حضرت عثمان غنیؓ اور حضرت علیؓ جو محرم راز اور قریب رہنے والے ایسے لوگ ہیں جن کے سامنے اللہ کے نبی نے پورا واقعہ معراج بیان کیاہے کیونکہ وہ اس پورے واقعہ کے خد وخال کو سمجھ کر اس سے نکلنے والے نکات اور فوائد کو سمجھ سکتے ہیںاور کہاں کہاں اعتراض ہو سکتا ہے ، ان کے جواب دے سکتے ہیں۔ اس لئے اختلاف روایات اللہ کے نبیﷺسے درحقیقت میں نہیں ہے۔ صحابہ کرامؓنے اللہ کے نبی سے جو سنا ہے وہ بیان کیا ہے۔ 34صحابہ کرامؓ ایسے ہیں جنہوں نے واقعہ معراج کو اللہ کے نبیسے سن کر بیان کیا ہے۔ واقعہ معراج ہمارے لئے اللہ کے نبی جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اور عظمت کو دوبالا کرتا ہے کہ اللہ کے نبی کا اللہ سے کتنا قریبی اور کتنا گہرا تعلق تھا اور اللہ تبارک وتعالیٰ نے کیا کچھ اپنے نبی کو عطا فرمایا تھا۔
کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کانپور کے جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری نے اپنے بیان میں حضرت محمدﷺ کے ذریعہ دین کی دعوت پر جب مظالم کے پہاڑ توڑے گئے اور لوگوں نے آپ کو حدسے زیادہ دبایا تو اللہ نے آپ کو حد سے زیادہ اوپر اٹھا دیاحتی کہ ساتوں آسمانوں،سدرۃ المنتہیٰ اور اس کے آگے جہاں تک اللہ نے چاہا وہاں تک اللہ آپ کو لے گئے۔ یہ اللہ کی راہ میں تکالیف کے مقابلے پر اللہ کی طرف سے انعام اور وہ وعدہ جو اللہ کی طرف سے ہو رہے تھے ، ان وعدوں کی سوغات ہے جو جناب محمد رسو ل اللہﷺ کو ملی ہے، اور اس طرح کی چیزیں روئے زمین پر نہ پہلے نہ بعد میں کبھی کسی کو نہیںملی۔ دنیا چاہے جتنی ترقی کر لے، کتنی ہی پرواز یں کر لے لیکن آپ جن اونچائیوں سے ہو کر واپس آ گئے دنیا کے سارے سائنسداں اور ٹیکنا لوجی مل کر بھی حضور کے پروازکی اونچائیوںتک نہیں پہنچ سکتے۔ سہ روزہ اجلاس کے پہلے دن کا آغاز قاری انعام الحق کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ شہری نائب صدر مولانا محمد اکرم جامعی نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ حافظ محمد مسعود و محمد شادان نے نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر جمعیتہ علماءکے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی اور جمعیتہ علماءشہر کانپور کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کے علاوہ شہری جمعیتہ کے ذمہ داران، کارکنان اور سینکڑوں کی تعداد میں عوام الناس موجود تھے۔












