عراق:عراق کے علاقے کرخ کی ایک فوج داری عدالت نے کالعدم عسکریت پسند گروپ ’داعش‘ کے مقتول بانی ابو بکر البغدادی کی اہلیہ کو آج بدھ کے روز سزائے موت سنائی ہے۔عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل نے اعلان کیا کہ کرخ فوجداری عدالت نے ’داعش‘ کے سابق رہ نما ابوبکر البغدادی کی اہلیہ اسماء محمد کو تنظیم کے ساتھ کام کرنے اور یزیدی خواتین کو اپنے گھر میں یرغمال بنانے کے جرم میں سزائے موت سنائی ہے۔کونسل کے میڈیا سینٹرنے آج بدھ کو ایک بیان میں وضاحت کی کہ "دہشت گرد خاتون نے یزیدی خواتین کو نینویٰ گورنری کے مغرب میں واقع سنجار ضلع میں داعش کے غنڈوں کے ہاتھوں اغوا کرنے کے بعد اپنے گھر میں قید کیے رکھا تھا‘‘۔کونسل کا کہنا ہے کہ اسماء محمد کے خلاف فیصلہ آرٹیکل 4/1 کی دفعات کے مطابق اور 2005 کے انسداد دہشت گردی قانون کے آرٹیکل 13 کی دفعہ 2/1 اور 3 کے مفہوم اور آرٹیکل 7/ کی دفعات کے مطابق جاری کیا گیا۔العربیہ/الحدث ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ البغدادی کی تیسری بیوی نور الزوبعی کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔












