نئی دہلی، (یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو مردم شماری 2027 کے لیے چار ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا سافٹ لانچ اور دو شوبھنکر – "پراگتی” (خاتون) اور وِکاس” (مرد) – کا باضابطہ اجرا کیا۔ ملک بھر میں مردم شماری کے کام کو آسان بنانے کے لیے سی-ڈیک (Centre for Development of Advanced Computing) نے یہ جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کیے ہیں۔ اس موقع پر مرکزی داخلہ سکریٹری اور ہندوستان کے رجسٹرار جنرل و مردم شماری کمشنر سمیت کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔ مرکزی حکومت نے گزشتہ سال جون میں مردم شماری 2027 کی نوٹیفکیشن جاری کی تھی، جس کے بعد اس کی باضابطہ شروعات ہوئی۔ یہ دنیا کی سب سے بڑی مردم شماری ہوگی، جو دو مرحلوں میں مکمل ہوگی۔ پہلی بار مردم شماری ڈیجیٹل طریقے سے کی جائے گی اور پہلی بار خود شماری (Self Enumeration) کا آپشن بھی دیا جا رہا ہے۔ مردم شماری 2027 کے شوبھنکر "پراگتی” (خاتون شمار کنندہ) اور وِکاس” (مرد شمار کنندہ) کو دوستانہ اور آسان علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ یہ دونوں 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے عزم میں خواتین اور مردوں کی مساوی شراکت داری کی علامت بھی ہیں۔ ان کے ذریعے مردم شماری سے متعلق معلومات اور پیغام عوام تک مؤثر انداز میں پہنچائے جائیں گے۔ امت شاہ نے اس موقع پر چار ڈیجیٹل پلیٹ فارم لانچ کیے: ہاؤس لسٹنگ بلاک کریئیٹر (HLBC) ویب ایپلیکیشن: یہ ویب-میپ ایپلیکیشن افسران کو سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے مکانات کی فہرست سازی کے بلاک بنانے میں مدد دیتی ہے، جس سے ملک بھر میں جغرافیائی کوریج کا معیار قائم ہوتا ہے۔ HLO موبائل ایپلیکیشن: ایک محفوظ آف لائن موبائل ایپ ہے، جس کے ذریعے شمار کنندہ مکانات کا ڈیٹا جمع اور اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ یہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر دستیاب ہے اور 16 زبانوں میں چل سکتا ہے۔ خود شماری پورٹل (Self Enumeration Portal): پہلی بار عوام کو یہ سہولت دی جا رہی ہے کہ وہ گھر گھر سروے سے پہلے اپنی معلومات آن لائن درج کر سکیں۔ رجسٹریشن کے بعد ایک منفرد آئی ڈی جاری ہوگی، جسے شمار کنندہ کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔












