ٰنئی دہلی، دہلی حکومت میں کابینی وزیر راج کمار آنند نے محکمہ محنت، روزگار، زمین اور عمارت کے سینئر افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں انہوں نے بنیادی طور پر مذکورہ تینوں محکموں کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال کی قیادت میں دہلی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کابینی وزیر راج کمار آنند کو تین نئے محکموں لیبر، روزگار، زمین اور عمارت کی اضافی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔کابینی وزیر راج کمار آنند نے حکام سے دہلی حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی اسکیموں کی تفصیل لی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے محکمہ کے عہدیداروں سے بھی بات چیت کی کہ آنے والے دنوں میں ان محکموں کے ذریعہ عوامی فلاح کے اور کون سے کام کئے جاسکتے ہیں۔کابینی وزیر راج کمار آنند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی قیادت میں دہلی حکومت کارکنوں کی بہتری کے لیے کام کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں مزدوروں کے لیے جاری اسکیموں کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ محکمہ کی جانب سے چلائی جارہی اسکیموں کو تیز کیا جائے تاکہ ورکرز کو محکمہ کی اسکیموں کا بروقت فائدہ مل سکے۔ وزیر راج کمار آنند نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر روزگار پیدا کرنے کے لئے پوری دہلی میں روزگار میلے منعقد کئے جائیں۔












