ریاض،سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان انسانی امداد اورریلیف مرکز(کے ایس آر ای ایف) کوشام اور ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد مہیّا کرنے کے لیے ایک فضائی پل بنانے کی ہدایت کی ہے۔سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس فضائی پل کے ذریعے زلزلے سے متاثرہ شامی اور ترک عوام کو طبی سامان، ادویہ ،رہائش کے لیے خیمے، خوراک کا سامان مہیا کیا جائے گا۔اس کے علاوہ یہ لاجسٹک معاونت بھی مہیّا کرے گا۔خادم الحرمین الشریفین اورولی عہد کی ہدایات میں دونوں ممالک میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے "سہیم” پلیٹ فارم کے ذریعے ایک مہم کا انعقاد بھی شامل ہے۔ایس پی اے کے مطابق شاہی دیوان کے مشیراور کے ایس ریلیف کے نگران اعلیٰ ڈاکٹرعبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ امداد خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کی جانب سے شام اور ترکی میں زلزلے سے متاثرہ افراد کے ساتھ مصیبت کی اس گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی خواہش کی مظہرہے۔دریں اثنا شام اور ترکیہ میں سرکاری اعدادوشمار کے مطابق شدید زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 6200 سے تجاوزکرگئی ہے جبکہ امدادی کارکنان ہنوزتباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے پھنسے ہوئیافراد کی تلاش اور انھیں نکالنے میں مصروف ہیں۔حکام کاکہنا ہے کہ ترکیہ میں 4,544 اور شام میں 1,712 افراد مارے جاچکے ہیں جس کے بعد دونوں ملکوں میں تصدیق شدہ اموات کی مجموعی تعداد 6,256 ہوگئی ہے۔