نئی دہلی، ایک طرف ملکارجن کھڑگے کے صدر بننے کے بعد آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا 85 واں کنونشن رائے پور میں ہو رہا ہے تو دوسری طرف لوک سبھا انتخابات 2024 میں بی جے پی اور کانگریس کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا محاذ بنانے کی مشق شروع ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو اہمیت دیے بغیر بی جے پی مخالف G-8 کہلانے والے اس اپوزیشن محاذ کی تشکیل کی مشق شروع ہو گئی ہے۔ مخالف جماعتوں نے آپس میں تال میل شروع کر دیا ہے۔ اس G8 میں 7 غیر کانگریسی وزیر اعلیٰ اور 1 نائب وزیر اعلیٰ ہیں۔ جمعرات کو میگھالیہ میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی جانب سے ترنمول کانگریس کو بی جے پی کا ‘ایجنٹ کہنے کے بعد ممتا بنرجی کی پارٹی اور G-8 کو کچھ اور ایندھن ملا ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ کانگریس اور اپوزیشن لیڈروں کے درمیان رسہ کشی صاف نظر آرہی ہے۔ میگھالیہ انتخابات کے دوران ترنمول کانگریس پر راہل گاندھی کے حملے کے بعد کانگریس اور ترنمول کانگریس کے درمیان فاصلے مزید بڑھ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس مشق میں ممتا بنرجی، نتیش کمار، ایم کے اسٹالن، ہیمنت سورین، اروندکجریوال، بھگونت مان، کے چندر شیکھر راؤ اور تیجسوی یادو شامل ہیں۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے حال ہی میں کانگریس کو سخت پیغام دیا، جب ان لیڈروں نے آپس میں اپوزیشن کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کانگریس قیادت سے کہا’اگر آپ ہماری بات سنیں گے تو بی جے پی 100 پر سمٹ سکتی ہے ۔ علاقائی جماعتوں سے بات کریں، ورنہ ہم اپنے طور پر کام کریں گے‘۔
ذرائع کے مطابق ممتا بنرجی مارچ کے وسط میں سماجوادی پارٹی کے لیڈر اکھلیش یادو سے ملاقات کریں گی۔ اس ملاقات میں اپوزیشن اتحاد بنانے پر بات چیت کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی ترنمول اپریل میں بی آر ایس (تلنگانہ راشٹرا سمیتی اب بھارت راشٹرا سمیتی) کے لیڈر کے چندر شیکھر راؤ کی طرف سے بلائی جانے والی کانگریس مخالف ریلی کیلئے ایک نمائندہ تلنگانہ بھیج سکتی ہیں ۔ راؤ اس بارے میں ممتا بنرجی سے بات کر رہے ہیں۔ واضح ہو کہ ممتا بنرجی نے گزشتہ سال راؤ کی طرف سے بلائی گئی اپوزیشن کی ریلی میں اپنا نمائندہ نہیں بھیجا تھا۔
ادھر سماجوادی پارٹی کی قومی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ بھی 17 سے 19 مارچ تک کولکاتہ میں ہونے کا امکان ہے۔ اس میٹنگ میں 24ویں لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی پر بات چیت کا امکان ہے۔ دہلی میں اس خبر کی جانکاری دیتے ہوئے پارٹی کے نومنتخب نائب صدر کرنموئے نندا نے کہاکہ ’’اکھلیش یادو 2024 کے انتخاب میں تال میل کی حکمت عملی پر ترنمول لیڈر کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ کولکاتہ میں ہونے والی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں اتر پردیش سمیت 20 ریاستوں کے نمائندے حصہ لے رہے ہیں۔ اس کے بعد لوک سبھا کی تیاریاں شروع ہو جائیں گی۔