نا ظم بیگ
بلند شہر،سماج نیوز سروس: آج ویٹرنز ڈے کے موقع پرضلع مجسٹریٹ کی رہائش گاہ پر سا بق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی بے لوث خدمات اور قربانیوں کے لیے ایک اعزازی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں 1971 کی جنگ کے شرکاء، بہادری ایوارڈ یافتہ اورویر نارس خواتین نے شرکت کی۔پروگرام میں 10 ویر ناریوں، تقریباً 35 میڈل یا فتہ اور سابق فوجیوں کا اعزاز کے ساتھ خیرمقدم کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ مسز شروتی نے قوم کے لیے ان کی مثالی خدمات کے لیے ان کا شکریہ ادا کر تے ہوئے پھول مالائیں ،شال اور یادگاری نشانات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ سابق فوجیوں نے ملک کی خدمت کے لیے اپنا سب کچھ قر بان کر تے ہوئے جس ہمت، لگن اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا ہے وہ ناقا بل فراموش ہے ۔ہمارے فوجیوں نے جنگوں میں بہادری کا مظاہرہ کرکے دشمن کو شکست دی ہے۔ ان بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی بھلا یا نہیں جاسکے گا ۔انہوں نے کہا کہ فوجیوں کے درمیان ہونے کی وجہ سے وہ بھی اس لمحے کو محسوس کرتی ہیں ،فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کے تئیں اپنے احترام کے اظہار کے لیے اس پروگرام کا انعقاد کیاگیا ہے۔ پروگرام میں بتایا گیا کہ 2016 سے14 جنوری کو مسلح افواج کے سابق فوجیوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ قوم کے لیے سابق فوجیوں کی انمول شراکت کو تسلیم کیا جا سکے۔ یہ دن 1953میں بھارت کے پہلے آرمی چیف فیلڈ مارشل کے ایم کری اپا کے ریٹائرمنٹ کا دن ہے۔ آج کا دن انھیں کے اعزاز میں منایا جاتا ہے۔












