منہاج احمد
نئی دہلی ،سماج نیوز سروس: کسانوں کے احتجاج کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو سکتا ہے۔ کسانوں کو دہلی میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے یوپی گیٹ سمیت تمام اہم سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، جس کی وجہ سے دہلی آنے جانے میں دشواری ہو رہی ہے۔ اس کا براہ راست اثر سبزیوں کی سپلائی اور اس کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔ پچھلی بار بھی کسانوں کی تحریک کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتیں بڑھی تھیں۔سبزی فروش رام سجن ،حشم الدین ،ناظم ،دلار چندنے نمائندہ کو بتایا کہ وہ غازی پور سبزی منڈی سے سبزیاں خریدتے ہیں اور مشرقی دہلی کے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے ہیں۔ ابھی تک غازی پور سے بازار تک سبزی لے جانے کے لیے دو سو سے تین سو روپے کے درمیان آٹو ملتے تھے، لیکن آج کے حالات کو دیکھتے ہوئے انہیں پانچ سو روپے دینا پڑ رہے ہیں۔ سب سے پہلے، آٹو آنے کے لیے تیار نہیں ہیں کیونکہ انہیں بازار میں آنے اور واپس آنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے، اس لیے وہ زیادہ کرایہ مانگ رہے ہیں۔میرٹھ، مظفر نگر، ہاپوڑ، غازی آباد اور گریٹر نوئیڈا سے بھی سبزیاں غازی پور سبزی منڈی میں فروخت کے لیے آتی ہیں۔ لیکن سفر کی اس پریشانی کی وجہ سے ان کا کرایہ بھی بڑھ جائے گا۔ اس کا براہ راست اثر سبزیوں کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح سندھو بارڈر کے ذریعے ہریانہ سے سبزیوں کی آمد متاثر ہوسکتی ہے۔ یہاں سے گوبھی، مرچ، پالک جیسی ہری سبزیاں دہلی پہنچتی ہیں۔ اس کا براہ راست اثر قیمتوں کی صورت میں دیکھا جا سکتا ہے۔دہلی-این سی آر کے آس پاس کے علاقوں سے سبزیاں بھی دہلی کی آزاد پور سبزی منڈی، کیشو پور سبزی منڈی اور غازی پور سبزی منڈی میں یمنا ایکسپریس وے اور کالندی کنج سرحد سے ہوتی ہیں۔ یہ یقینی ہے کہ کسانوں پر پابندی کا اثر ان پر پڑے گا۔ عام صارفین کو اس کی اصل قیمت ادا کرنی پڑ سکتی ہے۔ دہلی سے غازی آباد یا غازی آباد سے دہلی جانے والی مرکزی سڑک NH-24 کے یوپی گیٹ فلائی اوور پر ٹریفک پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔ لیکن بیریکیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک انتہائی سست روی سے چل رہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔آپ ک بتا دیں کہ کسانوں کا احتجاج کے سبب کسانوں کی آمد سے پہلے ہی دہلی سیل کردی گئی ہے ، یوپی گیٹ پر دفعہ 144 نافذ ہے۔کسانوں کا احتجاج کے سبب این ایچ 24 پر یوپی گیٹ پر بیریکیڈنگ ہے۔کم از کم امدادی قیمت کے معاملے پر حکومت کے ساتھ بات چیت ناکام ہونے کے بعد کسانوں نے دہلی کی طرف بڑھنا شروع کر دیا ہے۔ لیکن کسانوں کو روکنے کے لیے دہلی میں داخل ہونے والی سڑکوں پر کئی مقامات پر رکاوٹیں لگائی گئی ہیں۔ کسانوں کو دہلی پہنچنے میں ایک سے دو دن لگ سکتے ہیں، لیکن کسانوں سے پہلے ہی مصیبت دہلی پہنچ گئی ہے۔ یوپی گیٹ پر بیریکیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔












