نئی دہلی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سربراہ طارق رحمان سے بات کر کے انہیں بنگلہ دیش کے پارلیمانی انتخابات میں شاندار جیت پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے عوام کے امن اور ترقی کے لیے ہندوستان کے عزم کو دہراتے ہوئے مسٹر رحمان کو بنگلہ دیش کے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی ان کی کوششوں کے لیے حمایت اور نیک خواہشات پیش کیں۔اس کے بعد مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "طارق رحمان سے بات چیت کر کے انتہائی خوشی ہوئی۔ میں نے انہیں بنگلہ دیش کے حالیہ انتخابات میں ملی نمایاں کامیابی پر مبارکباد دی۔ میں نے بنگلہ دیش کے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی ان کی کوششوں کے لیے اپنی نیک خواہشات اور حمایت کا اظہار کیا۔ گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات والے دو قریبی پڑوسی ممالک کے طور پر ہندوستان دونوں ممالک کے عوام کے امن، ترقی اور خوشحالی کے تئیں اپنے مسلسل عزم کو دہراتا ہے۔”اس سے قبل مسٹر مودی نے مسٹر رحمان کو سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی تھی۔واضح رہے کہ بی این پی نے جلاوطنی سے واپس آنے والے مسٹر طارق رحمان کی قیادت میں پارلیمانی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔












