یومِ آئین کی مناسبت سے قومی اردو کونسل میں’ہندوستانی ریاستوں کا انضمام اور آئینِ ہند‘ کے عنوان سے خصوصی لیکچر کا اہتمام
نئی دہلی، ہمارا سماج: بھارت کا آئین ہمیں جہاں اپنے تمام شہری حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے ،وہیں اپنے فرائض سے بھی روشناس کرواتا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بطور شہری ہم کیا رول ادا کرسکتے ہیں۔ بھارت کے آئین کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے طویل آئین ہے،جس کی تشکیل میں ترقی یافتہ جمہوریتوں اور ان کے دستوروں سے استفادہ کیا گیا اور اس میں انسانی حقوق ، مذہبی آزادی اور ملکی وحدت کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان میں یومِ آئین کی مناسبت سے ’ہندوستانی ریاستوں کا انضمام اور آئینِ ہند‘ کے عنوان سے منعقدہ خصوصی لیکچر سے قبل تعارفی گفتگو کرتے ہوئے کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کیا۔انھوں نے لیکچر کے موضوع پر مختصر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہرسال 26نومبر کو یومِ آئین کے طورپر منایا جاتا ہے تاکہ ہم اپنے آئین کی خوبیوں اور ملکی تعمیر و ترقی میں اس کے رول کو یاد رکھتے ہوئے اس کے تئیں وفاداری کے عہد کا اعادہ کرسکیں، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے یہ پروگرام اسی مقصد سے منعقد کیا ہے،جس کا موضوع ’ہندوستانی ریاستوں کا انضمام اور آئینِ ہند‘ ہے۔شیخ عقیل نے کہا کہ اس موضوع پر خصوصی لیکچر دینے کے لیے ہم نے ملک کے ممتاز دانشور،سینئر صحافی اور آئینِ ہند کے مشمولات و خصائص پر گہری نظر رکھنے والے اسکالر شری رام بہادر رائے کو مدعو کیا ہے۔ہم شکر گزار ہیں کہ انھوں نے ہماری دعوت قبول کی اور ان کا تہہ دل سے استقبال کرتے ہیں۔
رام بہادر رائے نے اپنے تفصیلی اور معلومات افزا لیکچر میں آزادی ہند کے بعد ملک بھرکی ریاستوں کے جمہوریہ¿ ہند میں انضمام کی روداد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان ریاستوں کی ہندوستان میں شمولیت کی تاریخ کافی دلچسپ ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ ہندوستان موجودہ شکل و صورت میں نظر آرہا ہے،ورنہ جس وقت ہندوستان آزاد ہوا تھا ہمارا ملک اس وقت تقریباً چھ سو چھوٹی بڑی ریاستوں اور رجواڑوں میں منقسم تھا۔انھوں نے بتایا کہ مجلس قانون ساز نے آزادی سے قبل 1946 میں ہی سردار ولبھ بھائی پٹیل کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی تھی، جس کے تحت ریاستوں کے نمائندوں سے باتیں کی گئیں اور مختلف مرحلوں میں انھیں ہندوستان میں شمولیت پر راضی کیا گیا۔ڈاکٹر کلیم اللہ (ریسرچ آفیسر) کے اظہارِ تشکر کے ساتھ پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔اس موقعے پر کونسل کا تمام عملہ موجود رہا۔