دمشق، تباہ کن زلزلے کے بعد شامی جن سانحات سے گذر رہے ہیں ان کی ہولناکی کے باوجود ملبے اور گھروں کی باقیات سے اکا دکا خوشی کی خبریں بھی مل رہی ہیں۔معصومیت اور خوشی کے ملے جلے جذبات پرمشتمل ویڈیو میں شام کے سول ڈیفنس کے جوانوں نے کرم نامی بچے کو ملبے کے نیچے سے بچایا۔ بچے کو زندہ بچانے کی خوشی دیدنی ہے اور یہ خوشی ادلب کے دیہی علاقوں میں دور دور تک محسوس کی جا رہی ہے۔چھوٹے بچے کے بچاؤ کے مقام پر اللہ اکبر کے نعرے لگائے گئے۔ ملبے سے نکالا جانے والا بچہ لوگوں کو دیکھ کر خوشی سے جھوم اٹھا۔شام کے سول ڈیفنس اکاؤنٹ نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "معجزے دہرائے جاتے ہیں اور تکبیریں پھر سے آسمان کو گلے لگا لیتی ہیں۔” تباہ شدہ مکان کے کھنڈرات میں سے بچے "کرم” کو نکالنے پر خوشی سے بھرے لمحات پہلے دن ادلب کے دیہی علاقوں میں "ارمناز” میں بچے کے زندہ بچ جانے پر دیکھے گئے۔تْرکیہ اور ہمسایہ ملک شام میں پیر کی صبح 7.8 شدت کے زلزلے سے ہزاروں عمارتیں تباہ ہو گئیں جن میں کئی رہائشی عمارتیں اور ہسپتال بھی شامل ہیں اور ہزاروں زخمی اور بے گھر ہو گئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بْدھ کے روز ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد پندرہ ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ امدادی کارکن اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔