امریکہ اور اتحادی جی20 سربراہی اجلاس کے موقع پر یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے روس پر دباؤ ڈالیں گے اور عالمی سطح پر خوراک اور ایندھن کی قیمتوں پر بھی آواز اٹھائیں گے ۔دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے رہنما انڈونیشیا کے شہر بالی میں جمع ہیں تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تبادلہ خیال کریں جس نے لاکھوں افراد کو غربت کی طرف دھکیل دیا ہے۔روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ناقدین نے ایک متحدہ محاذ قائم کیا ہے جس نے عالمی اقتصادی بحران کیلئے ان کی آٹھ ماہ سے جاری جنگ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔برطانوی حکام نے وزیراعظم رشی سوناک کے ریمارکس کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ کرہ ارض کا ہر گھر صدر پوتن کی جنگ کے اثرات کو محسوس کر رہا ہے۔حتیٰ کہ روس کے اتحادی چین نے بھی ہلکی سرزنش کی اور وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات میں صدر شی جن پنگ نے یوکرین میں جوہری خطرات اور ہتھیاروں کے استعمال کی مخالفت کی۔روسی صدر ولادیمیر پوتن نے سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ وہ ایسی جنگ میں شرمناک شکست سے نمٹ رہے ہیں جس کے بارے میں ان کے حامیوں کا خیال تھا کہ دنوں میں ختم ہو جائے گی۔سربراہی اجلاس میں روس کی نمائندگی روسی وزیر خارجہ سرگئی لارووف کریں گے۔انٹرنیشنل کرائسز گروپ کے عہدیدار رچرڈ گوون کا کہنا ہے کہ زیلنسکی اور پوتن کی غیر حاضری کے ساتھ بالی میں کسی ’حقیقی امن ڈپلومیسی‘ کے امکانات بہت کم ہیں۔تاہم فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں امن قائم کرنے کیلئے اپنا کردار کریں گے۔ ایک سینئر فرانسیسی اہلکار کے مطابق وہ (ایمانوئل میکخواں) جی20 سربراہی اجلاس کے بعد ولادیمیر پوتن کو فون کریں گے۔ میزبان انڈونیشیا کو اب بھی امید ہے کہ سربراہی اجلاس ایک مشترکہ بیان کا باعث بنے گا جس سے یہ ظاہر ہو گا کہ بڑے ممالک آگے بڑھنے کے راستے پر متفق ہو سکتے ہیں۔انڈونیشیا کے ایک سینئر اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’مذاکرات تقریباً ہو چکے تھے لیکن ہم کوئی وعدہ نہیں کر سکتے۔ جنگ کا مسئلہ اب بھی ایک اہم نقطہ نظر ہے۔’امریکی وزیر خزانہ جینٹ ییلن نے میٹنگ کے موقع پر کہا کہ ‘روس کی جنگ کو ختم کرنا ایک اخلاقی ضرورت ہے اور ہم عالمی معیشت کیلئے واحد بہترین کام کر سکتے ہیں‘۔