ملک کو آگے لے جانے اور پیچھے لے جانے والوں کے درمیان ہے مقابلہ:نڈا
لکھنؤ:31دسمبر: بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے قومی صدر جے پی نڈا نے کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں پر نشانہ سادھتے ہوئے اتوار کو کہا کہ ان دنوں ملک کو آگے لے جانے والوں اور پیچھے کھینچنے والوں کے درمیان مقابلہ چل رہا ہے ۔خاتون ہاف میراتھن کے افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نڈا نے کہا’جہاں انڈیا اتحاد وزیر اعظم نریندر مودی کو روکو۔ روکو کی رٹ لگائے ہے ۔ وہیں ہمارا مقابلہ ہے کہ مودی کی قیادت کو آگے لے جائیں۔ ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ہندوستان اور اترپردیش کو آگے لے جارہے ہیں تو وہیں راہل گاندھی اور اکھلیش یادو صرف اپنے کنبے کو آباد رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ہندوستان کو توڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی آج وہ ہندوستان جوڑو یاترا نکال رہے ہیں۔ جنہوں نے ناانصافیاں ہی ناانصافیاں کی ہیں وہ نیائے یاترا نکال رہے ہیں۔ جو کنبے سے باہر کسی کا تصور نہیں کرتے تھے وہ اچانک ملک کی بات کررہ ہیں۔ ہمارا دعوی ہے کہ مودی اور یوگی کی قیادت میں آئندہ لوک سبھا الیکشن میں یوپی میں پوری کی پوری سیٹ لے کر آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے مشن کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سو فیصدی زمین پر اتارنے کا کام کررہے ہیں۔ یوگی کی قیادت میں یوپی آج بیمارو ریاست کی پہچان سے باہر نکل کر ملک کے ترقی یافتہ ریاستوں کی قطار میں شامل ہوگیا ہے ۔نڈا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ملک میں صرف چار ذاتیوں کے بارے میں بات کرتے ہیں جن میں سب سے پہلے خواتین، دوسرے نوجوان، تیسرے کسان اور چوتھی ذات غریب کی ہے ۔اگر ہم ان چاروں کو مضبوط کر کے انہیں طاقت دیتے ہیں تو ترقی یافتہ ہندوستان بننے سے ہمیں کوئی روک نہیں سکتا ہے ۔انہوں نے خواتین، کسان، نوجوان اور غریبوں کے لئے چلنے والی مختلف مفاد عامہ کی اسکیمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں زمین پر اتارنے کا کام یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے بخوبی کیا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ آج کروڑوں لوگ خطہ افلاس سے اوپر اٹھ کر بی پی ایل سے اے پی ایل زمرے میں شامل ہوچکے ہیں۔