واشم، پریس ریلیز،ہماراسماج:آج یہاں جمعیۃ علماء ضلع واشم کے زیر اہتمام مسجد فاطمہ دار العلوم زکریا تجوید القرآن کارنجہ ( لاڈ) ضلع واشم میںحضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر ) کی صدارت میں ایک روزہ تر بیتی اجلاس منعقد ہوا ، جس میں شہر ،تعلقہ یو نٹوں کے عہدے داران و اراکین بڑی تعداد میں شریک تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے فر مایا کہ یہ دور ہم مسلمانوں کے لئے ایک چیلنج بھرا ہے، ہمیں حکمت عملی کے ساتھ اس کا مقابلہ کرنا ہوگا، جمعیۃ علماء کے عہدیداران وکارکنان کو ایک مقصداور لائحہ عمل کے مطابق کام کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء کی اہمیت کا اندازہ ہمیں نہیں ہے اس کی اہمیت کا اندازہ ان سے پو چھئے جنکے پاس جمعیۃ علماء کا نظام نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ جن ملکوں میں باقاعدہ ایسی جماعت نہیں ہے وہاں کے مسلمانوں سے پو چھا جائے وہ کتنی مایوسی کے عالم میں ہیں ۔ جمعیۃ علماء کے تحت دینی ملی رفاعی کام کرنے کے لئےہمیں اپنوں کے ساتھ ساتھ غیروں کو بھی ساتھ لینا چاہئے ۔ مولانا محمد ابراہیم قاسمی صاحب ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہا راشٹر) نے جمعیۃ علماء ہند کے مقاصد ،تعمیری کام کتاب و سنت کی روشنی ،جمعیۃ علماء ہند اور اس کے اکابر و قائدین کا فکری امتیاز پر مفصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء کا کوئی بھی منصب مقامی ہو یاشہری صلعی ہو یا صوبائی جمعیۃ کے کاز کو آگے بڑھانے اور تنظیم کو فعال و متحرک کرنے کے لئے ہو تا ہے ۔ جمعیۃ علماء کے سارے مقاصد قرآن و سنت سے ما خوذ ہیں اور اس کے تعمیری پرو گرام قر آن کریم کی آیات اور احادیث مبارکہ سے اخذ کئے گئے ہیں،جمعیۃ علماء دینی ملی، قو می ،ملکی فریضہ ادا کرنے کا ایک بہترین اسٹیج ہے۔ مفتی محمد روشن شاہ قاسمی صاحب ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ودربھ ) نے دینی تعلیمی بورڈ کی اہمیت و ضرورت ،طریقہ کار اور مقامی ،شہری ،و ضلع جمعیۃ کی کار گذاری اور تقاضے اور عزائم پر گفتگو فرمائی ،مفتی عبد الرحمن نائیگاوی ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ ) نے اصلاح معاشرہ کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ جمعیۃ علماء کے تعمیری پرو گراموں میں یہ بھی شامل ہے لوگوں کو اچھے کاموں کی ترغیب دی جائے اوربرے کاموں سے بچانےکی تدابیر اختیار کی جائیں ۔مولانا مظہر صاحب مظاہری ( شیخ الحدیث دار العلوم فرقانیہ امرواتی ) نے اپنے تمہیدی خطاب میں جمعیۃ علماء کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ جمعیۃ علماء ہند نے انگریز سامراج کے خلاف جدوجہد میں فعال کردار ادا کیا ہے، دیگر خدمات کے ساتھ ساتھ مدارسِ اسلامیہ کی سرپرستی، دینی تعلیم کے فروغ اور اسلامی اقدار کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔اس تربیتی پروگرام کاآغاز حافظ محمد فہیم صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ،مولوی محمد ثاقب صاحب نے نعت پاک پیش کی ،مفتی محمد الیاس اشاعتی صاحب ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع واشم ) نے تحریک صدارت پیش کی ،مولوی محمد عارف مظاہری صاحب ( سکریٹری جمعیۃ علما کارنجہ )نے تائید صدارت پیش کی، مولانا محمد آصف مظاہر ی صاحب اور ان کے احباب اجلاس کے انتظام و انصرام میں پیش پیش رہے ۔مولانا امداد اللہ خان صاحب ( صدر جمعیۃ علماء کارنجہ ) نے مہمان علماء کرام اور شرکاء اجلاس کا شکریہ ادا کیا ، صدر اجلاس مولانا ندیم صدیقی صاحب کی دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا ۔












