فلوریڈا، (یو این آئی) مشہور گولفر ٹائیگر ووڈس نے کار حادثے کے بعد گرفتاری اور سنگین الزامات کا سامنا کرنے کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی صحت پر توجہ دینے کے لیے کچھ عرصے کے لیے کھیل سے دوری اختیار کر رہے ہیں اور باقاعدہ علاج کروائیں گے۔50 سالہ ٹائیگر ووڈس کو گزشتہ جمعہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب ان کی گاڑی ایک ٹرک سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی تھی۔ ان پر نشے کی حالت میں گاڑی چلانے ، املاک کو نقصان پہنچانے اور قانونی ٹیسٹ دینے سے انکار کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ منگل کے روز ان کے وکلاء نے عدالت میں بے گناہی کی تحریری درخواست جمع کرائی۔ بی بی سی اسپورٹس کے مطابق، پولیس رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ حادثے کے وقت ووڈس کی جیب سے درد کش ادویات کی دو گولیاں ملی تھیں اور ان کی حالت غیر متوازن تھی، وہ سست تھے اور انہیں شدید پسینہ آ رہا تھا۔اس واقعے کے بعد پہلی بار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس (ٹویٹر) پر اپنے بیان میں ووڈس نے لکھا:”میں اس سنگین صورتحال کو اچھی طرح سمجھتا ہوں جس میں آج میں گھرا ہوا ہوں۔ میں اپنی صحت پر توجہ دینے اور علاج کے لیے کچھ وقت کے لیے کھیل سے دور ہو رہا ہوں۔ یہ میری تندرستی اور مکمل صحت یابی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ وہ ذاتی اور پیشہ ورانہ طور پر خود کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور صحت مند بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور اس مشکل وقت میں اپنی اور اپنے خاندان کی رازداری کی اپیل کی ہے۔15 بار کے میجر چیمپئن ٹائیگر ووڈس کے بارے میں توقع کی جا رہی تھی کہ وہ اگلے ماہ ہونے والے ‘ماسٹرز ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے، لیکن اب وہ اس ایونٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ماسٹرز کے چیئرمین فریڈ رڈلے نے ووڈس کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ٹائیگر اگلے ہفتے ہمارے ساتھ موجود نہیں ہوں گے، لیکن آگسٹا میں ان کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی۔واضح رہے کہ ووڈس جولائی 2024 میں ‘دی اوپن کے بعد سے کسی بڑے ٹورنامنٹ میں نظر نہیں آئے ہیں۔ اب ان کی تمام تر توجہ اپنی صحت اور بحالی پر مرکوز ہے۔












