سر ینگر، دو دن بعد منعقدہ ہونے والا G20اجلاس کے پیش نظر جہاں وادی کشمیر میں سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں وہیں G20اجلاس کے پیش نظر پولیس کچھ مشکوک بین الاقوامی موبائل نمبروںسے موصول ہونی والی فون کالز کے خلاف ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ ایسی کالز کا جواب نہ دیں اور مشکوک نمبرات سے موصول ہونی والی کالز کی فوری تفصیل سائبر پولیس کو فراہم کریں ۔تفصیلات کے مطابق کشمیر پولیس نے کچھ مشتبہ بین الاقوامی موبائل نمبروں کے خلاف ایڈوائزری جاری کی، جو عام لوگوں کو کال کرکے G20سربراہی اجلاس کے خلاف افواہیں پھیلا رہے ہیں۔اس ضمن میں کشمیر پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ عام لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کچھ مشکوک ٹیلی کمیونیکیشنز سے محتاط رہیں ۔اس ضمن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وجے کمار نے کہا کہ کچھ بین الاقوامی نمبرات ملک مخالف پیغامات اور پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں اور عام لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایسی کوششوں سے چوکنا رہیں اور ایسی کسی بھی مشکوک کال کا جواب نہ دیں۔ انہوں نے کہا ’’شہریوں سے درخواست ہے کہ ایسی تمام کالوں کی اطلاع پولیس کو دی جائے۔ سائبر پولیس کشمیر نے اس کا نوٹس لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں‘‘۔ مزید برآں، اگر کسی شخص کو اس معاملے سے متعلق کوئی شکایت یا سوال ہے، تو وہ سائبر پولیس اسٹیشن کشمیر یا قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کر سکتا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ G20اجلاس کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کیلئے وادی کشمیر میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں اور اجلاس کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیںجا رہے ہیں ۔