بلال بزاز
سرینگر،13؍ مئی،سماج نیوز سروس: سخت ترین سیکورٹی انتظامات کے بیچ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر کے سرینگر پارلیمانی حلقہ میں لوک سبھا انتخابات 2024کے تحت چوتھے مرحلے میں ووٹنگ ہوئی جس دوران ووٹنگ کی مجموعی شرح قریب 40فیصدی رہی ۔ اسی دوران ووٹروں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا اور وہ صبح سے ہی قطاروں میں ووٹ ڈالنے کیلئے بے صبر نظر آئیں ۔تفصیلات کے مطابق لوک سبھا انتخابات 2024کے چوتھے مرحلے میں پُر امن طریقہ میں ووٹنگ ہوئی ۔ انتخابات کے پُر امن انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے منصفانہ اور پرامن انتخابات کیلئے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے ہیں اور بزرگ اور معذور ووٹرز کی سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جموں کشمیر میں چوتھے مرحلے میں پارلیمانی حلقہ سرینگر میں ووٹنگ ہوئی ۔جس دوران ووٹنگ کے اختتام پر قریب 40فیصدی ووٹنگ ہوئی ۔ جموں کشمیر کے چیف الیکٹول آفیسر کے مطابق پارلیانی حلقہ سرینگر میں شام 5بجے تک 36فیصدی ووٹنگ ہوئی ۔ ان کے مطابق سرینگر حلقہ میں 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں سوموار کو ہونے والی پولنگ کے دوران شام 5بجے 36.1فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے۔












