نئی دہلی، (یو این آئی) راجکوٹ میں بنگال کے خلاف وجے ہزارے ٹرافی کے مقابلے کے بعد درد کی شکایت سامنے آنے پر ہندوستانی بلے باز تلک ورما کے نچلے پیٹ (لوئر ایبڈومن) کی سرجری کر دی گئی ہے۔ تلک کو فوری طور پر اسکین کرانے کا مشورہ دیا گیا، جس کے بعد ان کی سرجری عمل میں آئی۔ امکان ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں میں بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسی لینس میں رپورٹ کریں گے۔ ان کی مکمل بحالی اور میدان میں واپسی کے وقت کا اندازہ دوبارہ طبی جانچ کے بعد ہی لگایا جا سکے گا۔ انجری کے وقت اور نوعیت کو دیکھتے ہوئے 21 جنوری سے شروع ہونے والی نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز میں تلک ورما کا کھیلنا مشکوک نظر آتا ہے۔ واضح رہے کہ تلک ہندوستان کے ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں۔دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز کھیلنے کے بعد تلک نے وجے ہزارے ٹرافی میں حیدرآباد کی قیادت کی اور دو مقابلوں میں ٹیم کی نمائندگی کی۔ 3 جنوری کو چنڈی گڑھ کے خلاف انہوں نے 109 رن کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ منگل کے روز بنگال کے خلاف 34 رن اسکور کیے تھے۔گزشتہ چھ ماہ کے دوران تلک ورما ہندوستان کی ٹی20 ٹیم کا اہم حصہ رہے ہیں۔ وہ ایشیا کپ (ستمبر)، آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز (اکتوبر) اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز (دسمبر) میں بھی شامل رہے۔ ایشیا کپ کے فائنل میں ان کی نصف سنچری نے ہندوستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔اگر تلک ورما نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں دستیاب نہیں ہو پاتے تو ہندوستانی ٹیم کے مڈل آرڈر میں ایک اہم خلا پیدا ہو جائے گا۔ سینٹر آف ایکسی لینس اس بات کا بھی جائزہ لے گا کہ آیا ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے تلک کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو شامل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔ آئی سی سی کے قوانین کے تحت ٹیمیں 31 جنوری 2026 تک بغیر کسی باضابطہ اجازت کے متبادل کھلاڑی کا اعلان کر سکتی ہیں۔ٹی20 ورلڈ کپ میں ہندوستان اپنی مہم کا آغاز 7 فروری کو ممبئی میں امریکہ کے خلاف کرے گا، اس کے بعد 12 فروری کو نمیبیا، 15 فروری کو پاکستان اور 18 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف میدان میں اترے گا۔












