سید پرویز قیصر
انگلینڈ کی ٹمی بیومونٹ نے آئیر لینڈکے خلاف بیلفاسٹ میں کھیلے گئے خواتین کے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے193 منٹ میں139 بالوں پر16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر150 رن بنائے۔ انکی اس شاندار اننگ کی بدولت انگلینڈ نے مقررہ50 اوور میں آٹھ وکٹ پر320 رن بنائے۔ آئیر لینڈ کی سبھی کھلاڑی16.5 اوور میں45 رن پر آوٹ ہوگئیں جو ان کا اس قسم کے کرکٹ میں سب سے کم اسکور بھی ہے۔ انگلینڈ کی یہ جیت خواتین کی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اسکی رنوں کے حساب سے سب سے بڑی جیت تھی۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اس کھلاڑی نے دوسری مرتبہ ایک اننگ میں 150 رن سے زیادہ بنائے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے پاکستان کی خواتین کے خلاف27 جون2016 کو ٹاونٹن میں کھیلے گئے میچ میں193 منٹ میں144 بالوں پر20 چوکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر168 رن بنائے تھے۔ انکی اس بڑی اننگ کی بدولت انگلینڈ نے مقررہ 50 اوور میں چار وکٹ پر 366 رن بنائے تھے۔ پاکستان کی خواتین ٹیم کو44.5 اوور میں164 رن آوٹ کرنے کے بعد انگلینڈ کی خواتین عالمی کپ کا یہ میچ202 رن سے جیتی تھیں۔
خواتین کی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ابھی تک چار بلے باز دو مرتبہ 150 رن سے بڑی اننگ کھیلنے میں کامیاب رہی ہیں۔آسڑیلیا کی کارین بولٹن ایسا کرنے والی پہلی خاتون تھیں۔ سری لنکا کے خلاف کرائسٹ چرچ میں یکم دسمبر2000 میں ہوئے میچ میں بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے140 منٹ میں118 بالوں پر19 چوکوں کی مدد سے آوت ہوئے بغیر 154 رن بنائے تھے۔ انکی اس اننگ کی بدولت آسڑیلیا نے مقررہ50 اوور میں تین وکٹ پر 282 رن بنائے تھے اور پھر سری لنکا کی خواتین کو39 اوور میں82 رن پر آوٹ کرکے میچ پورے200 رن سے جیتا تھا۔آئیرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں31 جولائی2005 کو انہوں نے دوسری مرتبہ150 رن سے بڑی اننگ کھیلی تھی۔ اس مرتبہ وہ144 منٹ میں114 بالوں پر20 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے151 رن بناکر آوٹ ہوئی تھیں۔ انکی اس اننگ کی بدولت آسڑیلیا کی ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں تین وکٹ پر295 رن بنائے تھے اور آئیر لینڈ کو26 اوور میں55 رن کے قلیل اسکور پر آوٹ کرکے میچ240 رن سے جیتا تھا۔
نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس نے پاکستان کے خلاف سڈنی میں19 مئی2009 کو ہوئے میچ میں130 منٹ میں105 بالوں پر19 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے168 رن بنائے تھے۔آئیرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں8 جون2018 کو وہ127 منٹ میں94 بالوں پر24 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے151 رن بنانے میں کامیاب رہیں تھی۔
سری لنکا کی چماری اتاپتو نے پہلی مرتبہ150 رن سے بڑی اننگ آسڑیلیا کے خلاف برسٹل میں 29 جون 2017 کو کھیلی تھی۔ وہ143 بالوں پر22 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 178*رن بناکر ناٹ آوٹ رہی تھیں۔17 اپریل2024 کو جنوبی افریقہ کی خواتین کے خلاف پوچیفسٹروم میں139بالوں پر26 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے195 رن بناکر ناٹ آوٹ رہیں تھی جو خواتین ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سری لنکا کیلئے سب سے زیادہ اور کل ملاکر تیسرا سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے۔












